News Details

24/04/2021

بون میرو ٹرانسپلانٹ کو مفت سہولیات میں شامل کرنے کے علاوہ ضم شدہ اضلاع کے عوام کے لئے صحت کارڈ پلس اسکیم کا پیکج چھ لاکھ روپے فی خاندان سالانہ سے بڑھا کر دس لاکھ روپے سالانہ کرنے کا فیصلہ

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے صحت کارڈ پلس اسکیم کو مزید بہتر بنانے اور لوگوں کو علاج معالجے کی زیادہ زیادہ مفت سہولیات فراہم کرنے کے لئے ایک اور اہم قدم کے طور لیور اور بون میرو ٹرانسپلانٹ کو شامل کرنے کے علاوہ ضم شدہ اضلاع کے عوام کے لئے صحت کارڈ پلس اسکیم کا پیکج چھ لاکھ روپے فی خاندان سالانہ سے بڑھا کر دس لاکھ روپے سالانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ فیصلہ انہوں نے صحت کارڈ پلس اسکیم کو مزید بہتر بنانے کے لئے منعقدہ ایک اجلاس میں کیا۔ صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا، اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کے چیئرمین شعیب حسین ملاقات، سیکرٹری صحت امتیاز حسین کے علاوہ دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں صحت کارڈ پلس اسکیم میں خصوصی ٹاپ اپ پروگرام بھی شامل کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ ٹاپ اپ پروگرام کے تحت سرکاری ملازمین اور عوام کو خصوصی پیکج دیے جائیں گے۔ علاوہ ازیں صحت کارڈ پلس اسکیم سے منسلک ہسپتالوں کو بروقت ادائیگیوں پر اتفاق کیا گیا جبکہ اسکیم کی موثر نگرانی کے لئے تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی نے محکمہ صحت کے حکام کو ان فیصلوں پر ٹائم لائینز کے مطابق عملدرآمد کے لئے ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاکہ عوام کی سہولت کے لئے زیادہ سے زیادہ بیماریوں کے مفت علاج کو اسکیم میں شامل کیا جائے گا اور اس اسکیم کو مفت علاج معالجے کا ایک جامع پیکیج بنایا جائے گا۔ وزیر اعلی نے مزید کہا کہ صوبے کے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی حتمی مقصد ہے جس کے لئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔