News Details

06/05/2021

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ کوہاٹ سمیت تمام جنوبی اضلاع کی تعمیر و ترقی اور دیرینہ عوامی مسائل کے حل کےلئے متعدد منصوبوں پرپیشرفت جاری ہے

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ کوہاٹ سمیت تمام جنوبی اضلاع کی تعمیر و ترقی اور دیرینہ عوامی مسائل کے حل کےلئے متعدد منصوبوں پرپیشرفت جاری ہے اور ان منصوبوں کی بروقت تکمیل صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔صوبہ بھر کے ہسپتالوں اور طبی مراکز میں ڈاکٹرز کی تعیناتی، دیگر طبی عملے اور طبی آلات کی دستیابی اور عوام کو سٹیٹ آف د ی آرٹ سہولیات کی فراہمی کیلئے خصوصی اقدامات جاری ہیں جن کی تکمیل سے شعبہ صحت میں واضح تبدیلی نظر آئے گی اور صحت عامہ سے متعلق مسائل دیر پا بنیادو ں پر حل ہو جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روز چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی اور رکن صوبائی اسمبلی ضیاءاﷲ بنگش کی قیادت میں کوہاٹ کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد نے وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں وزیراعلیٰ محمود خان سے ملاقات کی اور مختلف ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور دیگر بنیادی سہولیات سمیت جنوبی اضلاع کے تمام تردیرینہ مسائل کے حل کیلئے ٹھو س اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان ، بنوں ، ٹانک ، لکی مروت اور دیگر علاقوں میں پینے کے صاف پانی کا مسئلہ حل کرنے کیلئے ساڑھے تین سو کے قریب منصوبوں کی نشاندہی کی گئی ہے اور ان منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے پیشرفت جاری ہے۔ محمود خان نے کہاکہ جنوبی اضلاع میں پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی ایک دیرینہ عوامی مسئلہ ہے اور موجودہ حکومت اس مسئلہ کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی اضلاع کے مختلف علاقوں کو سوئی گیس کی فراہمی اور بعض علاقوں میں گیس کے کم پریشر کا مسئلہ حل کرنے کے منصوبوں پر بھی پیش رفت جاری ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ موجودہ حکومت عوام کو درپیش مشکلات کے ازالے اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے نہایت سنجیدہ ہے اور مشکل مالی صورتحال کے باوجود نظر آنے والے اقدامات کر رہی ہے۔ ا نہوں نے کہاکہ صوبے میں پائی جانے والے قدرتی وسائل کو استعمال میں لاکر پسماندہ علاقوں کو ترقی دینے اور عوام کو خوشحالی بنانے کیلئے ایک جامع منصوبہ بندی کے تحت اقدامات اٹھائے جارہے ہیں صحت کارڈ پلس کی صوبے کی سو فیصد آبادی تک توسیع بلاشبہ اپنی نوعیت کا ایک منفرد اقدام اور صوبائی حکومت کا اہم کارنامہ ہے۔ اس اقدام کی وجہ سے صوبے کے غریب عوام ، منتخب سرکاری اور نجی ہسپتالوں سے علاج معالجے کی مفت سہولیات حاصل کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت تعلیم اور صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور اس سلسلے کئی ایک منصوبے شروع کئے گئے ہیں جن میں بنیادی مراکز صحت کی بحالی و مضبوطی ، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کی تجدید کاری ، بعض مراکز صحت کی آوٹ سورسنگ ، میڈیکل کالجز کا قیام ، صوبے کے چار ریجنز میں بڑے ہسپتالوں کا قیام، کالجوں میں بی ایس پروگرام ، سکولوں میں ڈبل شفٹ کا اجراء جیسے اقدامات شامل ہیں۔ وزیر اعلی نے وفد کو یقین دلایا کہ کوہاٹ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے سلسلے میں درکار فنڈز کی فراہمی کے لئے عید الفطر کے بعد متعلقہ محکموں کے حکام کا خصوصی اجلاس بلایا جائے گا۔ وفد کے مطالبے پر وزیر اعلی نے بورڈ آف ریونیو کے اعلی حکام کو کوہاٹ میں توغ بالا گرڈ اسٹیشن کی تعمیر کے لئے درکار اراضی کے حصول کے لئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔