News Details

10/07/2021

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا دورہ ضلع بونیر اربوں روپے کی مالیت کے ترقیاتی منصوبوں کاافتتاح بونیر کے لئے جامع ترقیاتی پیکج کا اعلان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے جمعہ کے روز ضلع بونیر کا مصروف دورہ کیا اور اربوں روپے مالیت کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا۔ صوبائی کابینہ اراکین انور زیب، کامران بنگش اور ریاض خان بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ وزیراعلیٰ نے ضلع بونیر میں بارہ کلومیٹر طویل ملک پوربائی پاس روڈ کی تعمیر کا سنگ بنیا د رکھا جو 694 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے گورنمنٹ ڈگری کالج گدیزئی کی عمارت کی تعمیر اور رورل ہیلتھ سنٹر جووار کی اپگریڈیشن کا بھی افتتاح کیا، جو باالترتیب350 ملین روپے اور 435 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کئے جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے 40 کنال رقبے پرمشتمل کثیرالمقاصد جمنازیم کے قیام کے منصوبے کاسنگ بنیاد رکھا، جو 251 ملین روپے کے تخمینہ لاگت سے مکمل کیا جائیگا۔ علاوہ ازیں سواڑئی تا ڈگر بائی پاس روڈ کی تعمیر اور بونیر یونیورسٹی کے اکیڈمک بلاک کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ ان منصوبوں کی لاگت باالترتیب 698 ملین روپے اور 989 ملین روپے ہے۔ وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈگر کی اپگریڈیشن کا بھی افتتاح کیا، یہ منصوبہ 1150 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائیگا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول گدیزئی کی نو تعمیر شدہ عمار ت کا افتتا ح کیا جو 74 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کی گئی ہے۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ضلع بونیر کو گیس کی فراہمی کے لئے ایک ارب روپے فراہم کرنے ، جبکہ بونیر میں بجلی کے کاموں کے لئے تیس کروڑ روپے اور پی کے 22 میں سڑکوں کی تعمیر کے لئے بھی تیس کروڑ روپے کا اعلان کیا۔ انہوں نے ضلع بونیر کو سوات موٹر وے سے منسلک کرنے اور بونیر کے لئے کڑاکڑ ٹنل کی تعمیرکے علاوہ 400 کینال اراضی پر کم آمدن والے لوگوں کے لئے لوکاسٹ ہاو ¿سنگ اسکیم شروع کرنے کا بھی اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دوسری سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کی پی ٹی آئی میں جوق درجوق شمولیت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام پی ٹی آئی حکومت اور اس کی پالیسیوں پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ سیاسی مخالفین عوام کو اکسانے کے لئے جگہ جگہ کا رخ کرتے ہیں مگر ہر طرف سے انہیں رسوائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پچھلے ہفتے بے روزگاروں کا ایک ٹولہ ان کے آبائی ضلع گیا تھا لیکن سوات کے باشعور عوام نے اس ٹولے کو مستردکردیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمران خان کا پیغام گھر گھر تک پہنچ چکا ہے ۔ اسلئے اب مسترد شدہ بے روزگار سیاستدانوں کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ محمود خان نے کہا کہ آج وہ لوگ بھی خیبرپختونخوا کے عوام کی ہمدردیاں سمیٹنے میں مصروف ہےں جنہوں نے عسکریت پسندی کے دوران صوبے کے عوام کی پنجاب داخلے پر پابندی لگارکھی تھی، یہ لوگ آج کس منہ سے خیبرپختونخوا کے عوام کی بات کرر ہے ہیں۔ جنہوں نے پنجاب کا بیڑہ غرق کردیا وہ خیبرپختونخوا کو ٹھیک کرنے کی باتیں کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مالم جبہ سکینڈلز کی باتیں کرنے والے اب وہاں پر صوبائی حکومت کی فراہم کردہ سیاحتی سہولیات سے محظوظ ہوتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کے مسترد شدہ بے روزگار سیاسی ٹولے اب روزگار کی تلاش میں ہےں، مگر میں ان پر واضح کرنا چاہتا ہوں کہ جب تک عمران خان زندہ ہے، یہ اقتدار میں نہیں آسکتے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اب ہر جگہ عوام کے دلوں پر پی ٹی آئی کا راج ہے۔ 25 جولائی کو آزاد کشمیر بھی کپتان کا ہوگا اور آنے والے عام انتخابات میں سندھ سمیت پورا ملک کپتان کا ہوگا۔ محمود خان نے کہا کہ پاکستان اب ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے ۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں گروتھ ریٹ چار فیصد سے بھی بڑھ گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی حکومت کے عوام دوست اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صحت کارڈ پلس اسکیم جیسا منصوبہ پوری دنیا میں نہیں۔ اب صوبے سے تعلق رکھنے والے سمندر پار پاکستانیوں کوبھی صحت کارڈ اسکیم میں شامل کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ غریب کے بچوں کی معیاری تعلیم کے لئے ایجوکیشن کارڈ متعارف کرارہے ہیں جبکہ کسانوں کو سستے نرخوں پر بیج ، کھاد اور زرعی ادویات کی فراہمی کے لئے کسان کارڈ کا اجراءکیا جارہا ہے ۔ علاوہ ازیں مستحق خاندانوں کو مفت راشن کی فراہمی کے لئے بھی راشن کارڈ لا رہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے پسماندہ علاقوں کو دیر پا ترقی سے ہمکنار کرنے کے لئے قابل عمل منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بونیر کے لئے نئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں تقریباًسات ارب روپے کی مالیت کے ترقیاتی منصوبے شامل کئے گئے ہیں۔ اس موقع پر جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے سابقہ یونین کونسل ناظم سردار علی خان کے علاوہ سینکڑوں معززین نے اپنے دوست احباب سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ جلسے سے وزیراعلیٰ کے مشیر ریاض خان ، ایم این اے شیر اکبر خان، ممبران صوبائی اسمبلی فخر جہان خان اور فضل حکیم کے علاوہ دیگر نے بھی خطاب کیا۔