News Details

17/08/2021

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت مہمند ڈیم پراجیکٹ کے تحت ڈیم کی تعمیر سے متاثر ہونے والے علاقوں کیلئے خصوصی ترقیاتی پیکج کو حتمی شکل دینے کے لئےط

مہمند ڈیم کی تعمیر سے متاثر ہونے والے ضلع مہمند اور دیگر ملحقہ اضلاع کیلئے اربوں روپے مالیت کا خصوصی ترقیاتی پیکج تیار کرلیا گیا ہے۔ ساڑھے چار ارب روپے مالیت کے اس خصوصی ترقیاتی پیکج میں ضلع مہمند کے علاوہ باجوڑ، ملاکنڈ اور چارسدہ کی متاثر ہونے والی آبادی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ مجموعی ترقیاتی پیکج کا 86 فیصد حصہ ضلع مہمند ، آٹھ فیصد باجوڑ، تین فیصد ملاکنڈ، جبکہ تین فیصد چارسدہ کیلئے مختص ہے۔ ترقیاتی پیکج میں مذکورہ اضلاع کا حصہ ان کی متاثرہ زمین کے تناسب کے مطابق رکھا گیا ہے۔ یہ بات وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت مہمند ڈیم پراجیکٹ کے تحت ڈیم کی تعمیر سے متاثر ہونے والے علاقوں کیلئے خصوصی ترقیاتی پیکج کو حتمی شکل دینے کے لئے منعقدہ ایک اجلاس میں بتائی گئی۔ کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ اور وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان کے علاوہ متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں اور دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو مہمند ڈیم کی تعمیر سے متاثر ہونے والے علاقوں کیلئے خصوصی ترقیاتی پیکج کے مختلف پہلوﺅں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پیکج کے تحت مذکورہ علاقوں کیلئے مواصلات، توانائی ، آبنوشی ، صحت اور تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں متعدد اہم منصوبے تجویز کئے گئے ہیں۔ اجلاس کو بتایا ترقیاتی پیکج کے تحت مہمند میں 700 ملین روپے کی لاگت سے 132 کے وی گرڈ اسٹیشن تعمیر کیا جائے گا۔ گرڈ اسٹیشن کی تعمیر سے علاقے کی ڈیڑھ لاکھ سے زائد آبادی مستفید ہوگی۔ اسی طرح 700 ملین روپے کی لاگت سے تحصیل پڑانگ غر میں 30 کلومیٹر لمبی سڑک کی بحالی اور کشادگی بھی ترقیاتی پیکج کا حصہ ہے۔ 75 ملین روپے کی لاگت سے تحصیل پنڈیالی میں چھ کلومیٹر لمبی سڑک تعمیر کی جائے گی۔ خصوصی ترقیاتی پیکج کے تحت ضلع مہمند میں تعلیم کے شعبے میں 236 ملین کے مختلف منصوبے شروع کئے جائیں گے۔ مزید بتایا گیا کہ ضلع مہمند میں صحت کے شعبے میں بھی 135 ملین روپے مالیت کے مختلف منصوبے شروع کئے جائیں گے۔پیکج کے تحت کھیلوں کے شعبے میں 60 ملین روپے کے منصوبے رکھے گئے ہیں۔علاوہ ازیں پیکج میں متاثرہ علاقوں کیلئے 375 ملین روپے کے فوری نتائج کے حامل متعدد منصوبے بھی شامل ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ترقیاتی پیکج میں شامل اسکیموں کو متعلقہ منتخب عوامی نمائندوں اور مقامی عمائدین کی بھر پور مشاورت سے حتمی شکل دی گئی ہے۔اجلاس میں ترقیاتی پیکج پر عملدرآمد کے لئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی سربراہی میں جوائنٹ اسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ان منصوبوں پر عملدرآمد کے سلسلے میں مزید پیشرفت اور ان کی بروقت تکمیل کے لئے ایک جامع ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ایکشن پلان میں ان منصوبوں پر عملی پیشرفت کے لئے حقیقت پسندانہ ٹائم لائینز مقررکی جائیں اورمتعلقہ محکمے اپنے اپنے منصوبوں پر ٹائم لائینز کے مطابق عملی پیشرفت یقینی بنائیں تاکہ علاقے کے عوام بلا تاخیر ان منصوبوں سے مستفید ہو سکیں