News Details

29/08/2021

خیبرپختونخوا حکومت نے آئندہ دو ماہ کے دوران دو نئی ہاﺅسنگ سکیموں کے اجراءکا فیصلہ کیاہے ،جن میں ٹکڑا تھری رنگ روڈ پشاور اور ہائی رائز فلیٹس مردان شامل ہیں

اس کے علاوہ ہنگو ٹاﺅن شپ میں ترقیاتی کاموں کے افتتاح کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ وزیر اعلی محمود خان نے مذکورہ ہاﺅسنگ سکیموں کا مجوزہ پلان کے مطابق اجراءیقینی بنانے کیلئے تمام لوازمات مکمل کرنے جبکہ دیگر جاری منصوبوں کوبھی ٹائم لائن کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ صوبائی حکومت وزیراعظم عمران خان کے وژن کے تحت بے گھر اور کم آمدنی والے لوگوں کو گھروں کی فراہمی کے وعدے کی تکمیل کی طرف کامیابی کے ساتھ گامزن ہے۔ وہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں محکمہ ہاﺅسنگ کے ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ صوبائی وزراءڈاکٹر امجد علی اورمحب اﷲ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، سیکرٹری ہاﺅسنگ، ڈائریکٹر جنرل پراونشل ہاﺅسنگ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس کو محکمہ ہاﺅسنگ کے تحت جاری منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ 79 کنال رقبے پر مشتمل ٹکڑا تھری رنگ روڈ پشاور منصوبے کی تفصیلی پلاننگ اور ڈیزائننگ پر کام شروع ہے ۔ یہ منصوبہ مختلف سائز کے 1080 فلیٹس پر مشتمل ہے جس کا آئندہ ماہ (ستمبر) میں اجراءکر دیا جائے گا۔ اسی طرح8354 کنال رقبے پر محیط ہنگو ٹاﺅن شپ میں ترقیاتی کاموں کا افتتاح بھی آئندہ ماہ کیا جائے گا۔ منصوبے کے تحت مختلف سائز کے 10256 پلاٹس کامیاب درخواست گزاروں کو الاٹ کئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں 2.17 کنال پر مشتمل ہائی رائزفلیٹس مردان بھی اکتوبر میں اجراءکیلئے تیار ہو گا۔ یہ منصوبہ چھ فلورز پر مشتمل ہے جس میں ایک سیمی بیسمنٹ پارکنگ، دو کمرشل فلور اور تین اپارٹمنٹ فلو ر شامل ہیں ۔ اجلاس کو صوبے میں دیگر منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ جلوزئی ہاﺅسنگ سکیم فیز III کے تحت مختلف سائز کے 2510 پلاٹس کی کمپیوٹرائز ڈ قرعہ اندازی کی گئی ہے ۔ یہ منصوبہ مجموعی طور پر 9477 پلاٹس پر مشتمل ہے ۔ اسی طرح 150 کنال رقبے پر مشتمل جلوزئی فلیٹس کے منصوبے پر پیشرفت جاری ہے ۔ یہ منصوبہ 1320 فلیٹس پر مشتمل ہے جس کیلئے اب تک 750 کے قریب درخواستیں موصول ہو چکی ہیں تاہم فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ میں 31 اگست 2021 تک توسیع کر دی گئی ہے ۔ 144 فلیٹس پر مشتمل ورسک۔ پشاور اور 112 فلیٹس پر مشتمل ورسک۔II پشاور کے منصوبے بھی اجراءکیلئے تقریباًتیار ہیں۔ منصوبوں کی سائٹس پر معمولی نوعیت کے مسائل ہیں ،جن کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔ 35.8 کنال رقبے پر مشتمل ہائی رائز بلڈنگ نشتر آباد پشاور کے ڈیزائن اور پلاننگ کیلئے کنسلٹنٹ ہائر کرلیا گیا ہے ۔ یہ منصوبہ تقریباً650 یونٹس پر مشتمل ہو گا ۔ اسی طرح ڈھیری زرداد چار سدہ کے منصوبے پر بھی پیشرفت جاری ہے جو مختلف سائز کے 458 پلاٹس پر مشتمل ہے ۔ منصوبے کے تحت 3.5 مرلہ کے 53 پلاٹس الاٹمنٹ کیلئے تیار ہیں۔ ڈانگرام ہاﺅسنگ سکیم سوات کا ماسٹر پلان تیار ہے جبکہ تفصیلی ڈیزائن اورپلاننگ پر کام شروع ہے ۔ منصوبے کے تحت مختلف سائز کے 836 فلیٹس تعمیر کئے جائیں گے ۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ 8500 کنال رقبے پر مشتمل سوڑیزئی ہاﺅسنگ سکیم پشاور کے سائٹ سروے پر کام شروع ہے ۔ یہ منصوبہ تقریباً16000 گرے سٹرکچر ہاﺅسز اور فلیٹس پر مشتمل ہو گا۔ منصوبے کی سائٹ میں کچھ مسائل ہیں جن کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے ۔300 کنال رقبے پر مشتمل جرمہ ہاﺅسنگ سکیم کوہاٹ پر بھی پیشرفت جاری ہے ۔ منصوبے کے تحت مختلف سائز کے 463 پلاٹس الاٹ کئے جائیں گے ۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا کے شہروں سے ملحقہ علاقوں(پیری اربن ایریاز) میں بھی کم لاگت ہاﺅسنگ سکیموں کے قیام پر پیش رفت جاری ہے ۔ منصوبے کے لئے بعض اضلاع میں زمین کی نشاندہی بھی کی جا چکی ہے ۔ منصوبے پر عمل درآمد کیلئے موڈ گیج ہاﺅسنگ فنانس ماڈل اختیار کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں بے گھر افراد کو گھروں کی فراہمی کے منصوبے کی تکمیل کیلئے عوام کیلئے لینڈ شیئرنگ / ہاﺅسنگ سوسائٹیز میں حصہ داری کی بنیاد پر بھی ایک منصوبہ زیر غور ہے جس کے تحت غیر زرعی زمین کے انفرادی یا مشترکہ مالک اپنی زمین پر محکمہ ہاﺅسنگ کے تعاون سے ہاﺅسنگ سوسائٹی کی تعمیر/ ملکیت میں حصہ دار بن سکتے ہیں ۔ اس منصوبے کیلئے شرائط و ضوابط طے کر لی گئی ہیں۔ یہ منصوبہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو گھروں کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے ۔