News Details

12/09/2021

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے ضم شدہ قبائلی اضلاع کے ہسپتالوں کے لئے نرسز کی بھرتیوں کے سلسلے میں عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے بھرتیوں کے سارے عمل کی چھان بین کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر اعلی کی ہدایت پر معاملے کی چھان بین اور تحقیقات کے لئے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو بھرتیوں کے سارے عمل کی چھان بین کرکے دو ہفتوں کے اندر رپورٹ پیش کرے گی۔ اسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے اس سلسلے میں باقاعدہ اعلامیہ جاری کردیا ہے۔ انکوائری کمیٹی سیکرٹری لاء، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اور سیکرٹری پلاننگ پر مشتمل ہے۔ اعلامیے کے مطابق کمیٹی کی رپورٹ کو پبلک کیا جائے گا۔ کمیٹی بھرتیوں کے لئے اپنائے گئے طریقہ کار کی مکمل چھان بین کے علاوہ اس بات کی بھی تحقیقات کرے گی کہ بھرتی ہونے والے امیدواروں میں سے زیادہ ےر کا تعلق دیگر اضلاع سے کیوں ہے۔ کمیٹی قبائلی اضلاع میں اسی طرح کی دیگر بھرتیوں میں زیادہ سے زیادہ مقامی باشندوں کو بھرتی کرنے کے لئے مروجہ طریقہ کار میں ترامیم اور پالیسی تجاویز بھی پیش کرے گی۔ اس سلسلے میں وزیر اعلی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سرکاری بھرتیوں میں سو فیصد شفافیت اور میرٹ کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اورمذکورہ بھرتیوں میں میرٹ اور مروجہ طریقہ کار کی خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی