News Details

01/10/2021

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا ضلع چارسدہ کا دورہ ۔ ہاکی ٹرف اور رجڑ تخت بھائی روڈ کا افتتاح ۔ ضلع چارسدہ میں میڈیکل کالج کے قیام کا اعلان

ضلع چارسدہ میں 25ارب روپے مالیت کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ عمران خان اگلے انتخابات کا نہیں، بلکہ نئی نسل کے مستقبل کا سوچ رہے ہیں،محمود خان وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے جمعہ کے روز ضلع چارسدہ کا دورہ کیا ، جہاں پر انہوں نے سپورٹس سٹیڈیم میں بچھائی گئی ہاکی ٹرف اور رجڑ تاتخت بھائی روڈ کی کشادگی کے منصوبوں کا افتتاح کیا ۔ ہاکی ٹرف کا منصوبہ 8 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک سال کے عرصے میں مکمل کیا گیا ہے ۔ 14کلومیٹر طویل رجڑ تا تخت بھائی سڑک کی تعمیر کا منصوبہ 1.49 ارب روپے کی لاگت سے جون 2022تک مکمل کیا جائے گا۔دریں اثناءوزیراعلیٰ نے چارسدہ کے علاقہ ولی باغ میں ایک شمولیتی جلسے میں بھی شرکت کی جس میں ولی باغ کی مشہور سیاسی شخصیت امیر زیب خان نے پاکستان تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا۔ شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ضلع چارسدہ میں 25ارب روپے مالیت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ چارسدہ کے تمام حلقوں میں مزید ایک ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے جلد شروع کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چارسدہ کی تجدید کاری کی جائے گی جس سے ہسپتال کی مجموعی استعداد کارمیں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک میںموجودہ مہنگائی کی اصل وجہ سابقہ حکمرانوں کی غلط معاشی پالیسیاں ہیںاور موجودہ حکومت مہنگائی کی حالیہ لہر کو کم کرنے کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھارہی ہے ۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان اگلے انتخابات کا نہیں بلکہ نئی نسل کے مستقبل کا سوچتے ہیں، پختونوں کے نام نہا د لیڈروں نے اقتدار کے مزے بہت لوٹے مگر چارسدہ کے عوام کے لئے کچھ نہیں کیا۔ صحت کارڈ سکیم کو تحریک انصاف حکومت کا صوبے کے عوام کے لئے بہت بڑا تحفہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سکیم کے تحت صوبے کے سو فیصد آبادی کو سالانہ دس لاکھ روپے تک فی خاندان علاج معالجے کی مفت سہولیات فراہم کی جارہی ہے جبکہ جگر اور گردوں کی پیوند کاری سمیت دیگر مہنگی بیماریوں کے علاج کو بھی صحت کارڈ میں شامل کیا جارہا ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے کے کسانوں کی معاونت کے لئے کسان کارڈ کا اجراءکردیا گیا ہے جس کے تحت کسانوں کو رعایتی نرخوں پر بیچ، کھاد، کیڑے مار ادویات اور دیگر سہولیات فراہم ہونگی۔ اس کے علاوہ ایجوکیشن کارڈ اور فوڈ کارڈ کا بھی جلد اجراءکیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ فوڈ کارڈ کے لئے رواں بجٹ میں دس ارب روپے رکھے گئے ہیں جس کے تحت مستحق گھرانوں کو ماہانہ مفت راشن فراہم کیا جائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے دیگر ترقیاتی منصوبوں کے علاوہ چارسدہ میں میڈیکل کالج کے قیام کا بھی اعلان کیا۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ نے چارسدہ سپورٹس سٹیڈیم میں ہاکی ٹرف کے افتتاح کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سے پہلے پورے صوبے میں ہاکی کے صرف دو اسٹرو ٹرف تھے جبکہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں صوبے میں بین الاقوامی معیار کے چار بڑے اسٹرو ٹرف بچھانے کا کام مکمل کیا گیا ہے ۔ چھ مزید اسٹر وٹرف پر کام جاری ہے جن میں سے بعض تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں جبکہ اس کے علاوہ تین مزید اسٹرو ٹرف بھی بچھائے جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت سے قبل صوبے میں صرف 69 اسپورٹس گراﺅنڈز دستیاب تھے جبکہ پی ٹی آئی کے دورحکومت میں مزید 110 گراﺅنڈز تعمیر کئے گئے ۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ تحصیل کے بعد یونین کونسل کی سطح پر سپورٹس گراو ¿نڈ بنانے کے لئے 5.5 ارب روپے کا منصوبہ منظور کیا گیا ہے ، ہاکی کے کھیل کو فروغ دینے کے لئے صوبے کی تاریخ میں پہلی بار ہاکی لیگ کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت نے سکول کرکٹ چیمپین شپ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں صوبہ بھر سے چار ہزا ر کھلاڑیوں پر مشتمل 276ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت قبضہ مافیا کے خلاف بلا تعطل کاروائیاں کر رہی ہے جن کے نتیجے میں صوبہ بھر میں لاکھوں ایکڑ اراضی و گزار کرائی گئی ہے۔ صوبائی کابینہ اراکین فضل شکور خان اور عارف احمد زئی کے علاوہ ایم این اے فضل محمد خان اورچارسدہ سے منتخب دیگر عوامی نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے