News Details

15/10/2021

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں محکمہ اوقاف اور مذہبی اُمور نے متحدہ علماء بورڈ کے اشتراک سے عشرہ رحمت اللعالمین اور ربیع الاول کے مہینے کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے دیگر سرگرمیوں کے علاوہ صوبائی سطح پر سیرت النبی کانفرنس اورنوجوان علماء سمٹ منعقد کرنے جارہا ہے

ابتدائی شیڈول کے مطابق سیر ت کانفرنس 18 اکتوبر جبکہ نوجوان علماءسمٹ 20 اور21 اکتوبر کو منعقد ہوں گے ۔ دو روزہ اس علماءسمٹ میں 500 کے قریب جید علمائے کرام شرکت کریں گے ۔ سمٹ سے ڈاکٹر قبلہ آیاز ، مولانا عدنان کاکا خیل، شیخ الحدیث مولانا انوار الحق ، مفتی غلام الرحمان عثمانیہ ، شیخ الحدیت مولانا حسین احمد مدنی ، مولانا یوسف شاہ، مولانا عبد الروف ، قاری حنیف جالندھر، مولانا عبد الخیر آزاد اور مفتی زبیر عثمانی سمیت خیبرپختونخوا اور دیگر صوبوں سے تعلق رکھنے والے 28 جید علمائے کرام خطاب کریں گے ۔ اپنے خطاب میں علمائے کرام مختلف موضوعات پر روشنی ڈالیں گے جن میں جدید سائنسی علوم اور اسلام، اسوہ حسنہ اور موجودہ دور میں ذرائع ابلاغ اور اسلام، ریاست مدینہ کا قیام ، بین المذاہب ہم آہنگی ، مساوات اور عدل و انصاف ، جدید معاشی نظام اور اسلام، مدارس میں تعلیمی نظام اور دور حاضر کے تقاضے جیسے دیگر اہم موضوعات شامل ہیں۔ علاوہ ازیں محکمہ اوقاف نے متحدہ علماءبورڈ کے تعاون سے عید میلاد کی مناسبت سے دینی مدارس کے طلبہ کیلئے دس نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کے انعقاد کا بھی انتظام کیا ہے جن میں حسن قرآت، نعت ، خطاطی ، مضمون نویسی ، تقاریر وغیرہ شامل ہیں۔ عید میلاد النبی کی مناسبت سے تمام تقاریب اور سرگرمیوں میں تمام مسالک سے تعلق رکھنے والے علماءاور دینی مدارس کے طلبہ کی شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔ مزید برآں محکمہ اوقاف نے سیرت النبی کی مناسبت سے کتابوں کی نمائش کا بھی اہتمام کیا ہے