News Details

10/11/2021

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد نے بدھ کے روز اُن کے دفتر میں ملاقات کی اور صوبے بشمول ضم اضلاع میں مختلف شعبوں میں باہمی تعاون اور اشتراک کار سے متعلق اُمور پر تبادلہ خیال کیا

وفد کی قیادت جنوبی ایشیاءکیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹر جنرل یوجین زو کاف کر رہے تھے ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان اور متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں صوبے میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت اور نئے منصوبوں پر عمل درآمد کے سلسلے میں مختلف معاملات پر تفصیلی گفتگو کی گئی ۔ اس موقع پر ایشیائی ترقیاتی بینک کی معاونت سے صوبے کے پانچ ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کیلئے منظور شدہ " سٹیز امپورومنٹ پراجیکٹ" سمیت دیگر نئے منصوبوں پر جلد عملی کام شروع کرنے کیلئے دونوں اطراف سے ضابطے کی کاروائیاں جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں صوبے کے بندوبستی اضلاع کے علاوہ ضم شدہ اضلاع میں مختلف شعبوں خصوصاً معیشت اور روزگار کے مقامی ذرائع کو ترقی دینے کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک اور صوبائی حکومت کے درمیان اشتراک کار اور تعاون کو فروغ دینے سے متعلق معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے ایشیائی ترقیاتی بینک کو صوبائی حکومت کا سب سے اہم ڈویلپمنٹ پارٹنر قرار دیتے ہوئے کہاکہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے صوبے میں مواصلات، پن بجلی، سیاحت اور بلدیات سمیت مختلف شعبوں میں متعدد ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے ۔ بس ریپڈ ٹرانزٹ صوبائی حکومت اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان پارٹنر شپ کی ایک عمدہ مثال ہے جو قومی سطح پر پبلک ٹرانسپورٹ کا ایک بہترین منصوبہ بن گیا ہے جس سے روزانہ ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد مستفید ہو رہے ہیں۔ اُنہوںنے کہاکہ صوبائی حکومت نےسٹیز امپورومنٹ پراجیکٹ پر عملی کام شروع کرنے کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں جبکہ 300 میگاواٹ بالاکوٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیر کیلئے زمین کی خریداری کا مسئلہ بھی بہت جلد حل کیا جائے گا۔ اسی طرح صوبائی حکومت پراونشل روڈز امپورومنٹ پراجیکٹ کے تحت سڑکوں کی بحالی کے منصوبوں پر جلد عمل درآمد کرنا چاہتی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے ان تمام منصوبوں پر عمل درآمد کے سلسلے میں ایشیائی ترقیاتی بینک کوصوبائی حکومت کی طرف سے مکمل تعاون اور سہولیات کی فراہمی کا یقین دلایا ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹر جنرل یو جین زو کاف نے صوبائی حکومت اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان روابط کار کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہاکہ ادارے کی معاونت سے صوبے میں ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کے سلسلے میں صوبائی حکومتی ٹیم کی کارکردگی قابل تعریف ہے جس کی بنیاد پر ایشیائی ترقیاتی بینک صوبائی حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں باہمی تعاون اور اشتراک کار کو مزید فروغ دینا چاہتی ہے