News Details

09/01/2022

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کمشنر ہزارہ کو ہدایت کی ہے کہ گلیات اور آس پاس کے علاقوں میں شدید برفباری کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال پر کڑی نظر رکھی جائے

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کمشنر ہزارہ کو ہدایت کی ہے کہ گلیات اور آس پاس کے علاقوں میں شدید برفباری کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال پر کڑی نظر رکھی جائے اور کسی بھی ناخوشگوار اور ہنگامی صورتحال سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ کیا جائے اور مری سمیت گلیات کے آس پاس علاقوں میں پھنسے سیاحوں کو ریسکیو کرنے کے لئے ضروری کاروائیوں کا عمل تیز کیا جائے۔ ہزارہ کے سیاحتی مقام گلیات میں شدید برفباری اور مری میں سیاحوں کو پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے پر وزیر اعلیٰ نے کمشنر ہزارہ سے ٹیلفونک رابطہ کرتے ہوئے انہیں ان علاقوں میں پھنسے سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لئے ریسکیو اور امدادی کارروائیوں کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گلیات، مری اور آس پاس کے علاقوں کی صورتحال پر ہمہ وقت کڑی نظر رکھی جائے،اور انہیں تمام صورتحال سے آگاہ رکھا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کمشنر ہزارہ کو خصوصی ہدایات کی کہ مری میں پھنسے سیاحوں کو ریسکیو کرنے کے لئے راولپنڈی انتظامیہ کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے جبکہ ریسکیو اور امدادی کارروائیوں کے سلسلے میں راولپنڈی انتظامیہ کے ساتھ قریبی روابط قائم کئے جائیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ان سیاحتی مقامات میں گاڑیوں میں پھنسے تمام سیاحوں کو ہوٹلوں اور دیگر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے،اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ کیا جائے۔ درایں اثناءوزیر اعلیٰ نے گلیات میں برفباری کی صورتحال سے متعلق یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ گلیات اور آس پاس کے علاقوں کی صورتحال کی خود نگرانی کر رہے ہیں، گلیات میں سیاحوں سے متعلق کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا، وہاں پر کسی بھی متوقع صورتحال سے نمٹنے کے لئے گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ریسکیو 1122 سمیت ڈسٹرکٹ انتظامیہ کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے، گاڑیوں میں موجود تمام سیاحوں کو ہوٹلوں اور دیگر محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے جبکہ گلیات میں مزید گاڑیوں کا داخلہ مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعلی نے کہا ہے کہ متعلقہ ضلعی انتظامیہ، گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ریسکیو 1122 سڑکوں سے برف ہٹانے، برف میں پھنسی گاڑیوں کو نکالنے اور سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لئے تمام تر افرادی قوت اور مشینری کے ساتھ کارروائیوں میں مصروف ہیں۔