News Details

18/03/2022

خیبرپختونخوا حکومت نے صوبائی دارلحکومت پشاور کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے کیلئے ایک اہم قدم کے طور پر منشیات کے عادی افراد کی بحالی اور منشیات فروشوں کے خلاف موثر کارروائیوں کیلئے ایک جامع حکمت عملی تیار کرلی ہے

خیبرپختونخوا حکومت نے صوبائی دارلحکومت پشاور کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے کیلئے ایک اہم قدم کے طور پر منشیات کے عادی افراد کی بحالی اور منشیات فروشوں کے خلاف موثر کارروائیوں کیلئے ایک جامع حکمت عملی تیار کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ محمود خان نے حکمت عملی کی منظوری دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ اس حکمت عملی پر فوری طور پر عمل درآمد شروع کیا جائے اور صوبائی حکومت اس مقصد کیلئے تمام درکار وسائل فراہم کرے گی۔یہ منظوری انہوں نے جمعرات کے روز منشیات کے خاتمے کے لئے تیار کی گئی حکمت عملی کو حتمی شکل دینے سے متعلق منعقدہ ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ صوبائی کابینہ اراکین تیمور سلیم جھگڑا ، انور زیب خان، بیرسٹر محمد علی سیف ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد بنگش، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز ، کمشنر پشاورریاض محسود، سی سی پی او پشاوراعجاز خان کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں منشیات فروشوں کو سخت سے سخت سزائیں دلانے کیلئے متعلقہ صوبائی قوانین میں ضروری ترامیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ متعلقہ وفاقی قوانین میں بھی ترامیم کیلئے معاملہ وفاقی حکومت کے ساتھ ا ±ٹھایا جائے گا۔ ترامیم کے ذریعے منشیات فروشوں کو دی جانے والی قید کی سزا اور جرمانہ کی رقم کو بڑھایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ کو مذکورہ حکمت عملی کے مختلف پہلوں اور اس پر عمل درآمد کے طریقہ کار پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پشاور کو منشیات سے پاک کرنے کیلئے مرتب کی گئی حکمت عملی پر تین مرحلوں میں عمل درآمد کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاو ¿ن اور نشے کے عادی افراد کو سڑکوں اور دیگر مقامات سے ا ±ٹھاکربحالی سنٹر منتقل کیا جائے گا۔ اس مقصد کیلئے نجی اور سرکاری شعبوں کے مختلف بحالی مراکز میں 1800 بستروں کا بندوبست کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے کے تحت منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے لئے اقدامات کے علاوہ منشیات فروشوں کے خلاف منظم کاروائیاں بھی عمل میں لائی جائیں گی۔ دوسرے مرحلے میں منشیات کے عادی افراد کا علاج کرایا جائے گا۔اس کے علاوہ نشے کے عادی افراد کا مکمل ڈیٹا بیس بھی قائم کیا جائے گااور دیگر صوبوں سے آئے ہوئے افراد کو ابتدائی طبی امداد اور ڈی ٹاکسی فیکشن کے بعد متعلقہ صوبوں کو حوالے کیا جائے گا۔ مزید کنٹرول روم کے ذریعے نشے کے عادی افراد کا ہفتہ وار جائزہ لیا جائے گا۔ تیسرے مرحلے میں منشیات کے عادی افراد کو مفید شہری بنانے کیلئے انہیں ہنر سکھایا جائے گااور روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ نشے کے عادی افراد کی بحالی کیلئے تمام اقدامات کو کارآمد بنانے کیلئے ڈپٹی کمشنر پشاور کے دفتر میں متعلقہ محکموں کے نمائندوں پر مشتمل کنٹرول روم قائم کیا جائے گااور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مذکورہ کنٹرول روم کا انچار ج ہو گا۔ اس کے علاوہ عوام کی رسائی کے لئے کنڑول روم کو 1052 ٹال فری نمبر بھی جاری کیا جائیگا۔ وزیراعلیٰ نے کمشنر پشاور کو اس حکمت عملی کے تحت تمام تر اقدامات کی نگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگلے مرحلے میں اس ماڈل کو صوبے کے دیگر اضلاع تک توسیع دی جائے گی تاکہ پورے صوبے سے منشیات کا خاتمہ کرکے آئندہ نسل کو اس لعنت سے بچایا جا سکے۔