News Details

07/05/2022

پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کا ایک اہم مشاورتی اجلاس جمعہ کے روز پشاور میں منعقد ہوا

پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کا ایک اہم مشاورتی اجلاس جمعہ کے روز پشاور میں منعقد ہوا ۔خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی پارلیمنٹررئینز بشمول سینیٹرز، ایم این ایز، ایم پی ایز ، نومنتخب بلدیاتی نمائندوں اور صوبہ بھر سے پارٹی کی ذیلی تنظیموں کے عہدیداروں نے کثیر تعداد میںاجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس میںصوبے میں رواں ماہ پاکستان تحریک انصاف کے شیڈول شدہ جلسوں اور اسلام آباد آزادی مارچ سے متعلق معاملات پر تفصیلی مشاورت کے بعد اہم فیصلے کئے گئے ۔ اس موقع پر پارٹی کی صوبائی قیادت کی طرف سے پارلیمنٹررئینز ، بلدیاتی نمائندوں اور پارٹی عہدیداروں کو ان جلسوں اور آزادی مارچ کی تیاریوںسے متعلق خصوصی ہدایات دی گئیں۔ اجلاس میں نچلی سطح پر کارکنان اور عوام کو آزادی مارچ کیلئے متحرک کرنے کیلئے ہر ضلع اور تحصیل کی سطح پر ورکرز کنونشن منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور تمام ایم پی ایز اور ایم این ایز کو 20مئی تک اپنے حلقوں میں اپنی موجودگی کو یقینی بنانے اور بھر پور سیاسی سرگرمیاں شروع کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ صوبائی قیادت کی طرف سے پارٹی کے منتخب نمائندوں اور پارٹی عہدیداروں پر زور دیا گیا کہ وہ اسلام آباد آزادی مارچ کو ایک تاریخی مارچ بنانے کیلئے ابھی سے بھر پور تیاریاں شروع کریں ۔ نچلی سطح پر پارٹی تنظیموں ، کارکنان اور عوام خصوصاً نوجوانوں کو متحرک کریں ، عمران خان کا پیغام گلی گلی اور گھر گھر تک پہنچائیں ، تمام اضلاع میں عوامی قوت کا بھر پور مظاہرہ کریں اور جب عمران خان آزادی مارچ کی کال دیں تو تمام اضلاع سے کارکنوں اور عوام کی کثیر تعداد لیکر اسلام آباد پہنچ جائیں۔ اجلاس کے شرکا ءسے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہاکہ عمران خان نے امپورٹڈ حکومت کے خلاف باقاعدہ تحریک کا اعلان کیا ہے جس کا آغاز آج میانوالی سے ہورہا ہے ، اس تحریک میں سب نے اپنا بھر پور کردار ادا کرنا ہے کیونکہ یہ عمران خان کی ذات کی جنگ نہیں بلکہ اس قوم کے مستقبل ، آزادی اور خود مختاری کی جنگ ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ اس تحریک کوکامیاب بنانے کیلئے عمران خان کی نظریں خیبرپختونخو اکی طرف لگی ہیں ، اس سلسلے میں پارٹی کے منتخب عوامی نمائندوں اور عہدیداروں کو بھر پور کردار ادا کرنا ہو گا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پہلے بھی عمران خان کا تھا ، کل بھی ہے اور آئند ہ بھی رہے گا اور آزادی مارچ کو ایک تاریخی اور کامیاب بنانے میں خیبرپختونخوا کا سب سے اہم کردار ہو گا۔ اُنہوںنے پارٹی کارکنان اور منتخب نمائندوں پر یہ بھی زور دیا کہ وہ ابھی سے عام انتخابات کی بھی تیاریاں شروع کریںاور زیادہ سے زیادہ وقت اپنے حلقے اور لوگوں کو دیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے صوبائی صدر پرویز خٹک نے کہاکہ آزادی مارچ ایک ایسا مارچ ہو گا جسے پوری دُنیا یاد رکھے گی ، یہ فیصلے کا وقت ہے کہ ہم نے غلام رہنا یا آزاد اور خود مختار قوم کی حیثیت سے جینا ہے ، عمران خان اس وقت ملک کی آزادی اور خود مختاری کی جنگ لڑ رہے ہیں جس میں ہم سب نے عمران خان کا بھر پور ساتھ دینا ہے۔ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ عمران خان پہلے سے زیادہ مقبول اور طاقتور لیڈر بن گئے ہیں کیونکہ عمران خان اپنی ذات کیلئے نہیں بلکہ اس قوم کی آزادی اورخودمختاری کی جنگ لڑ رہے ہیں اور عمران خان کی آواز 22 کروڑ عوام کے دل کی آواز ہے ۔ اُنہوںنے پارٹی عہدیداروں اور پارٹی کے منتخب عوامی نمائندوں پر زور دیا کہ جب عمران خان آزادی مارچ کی کال دیں گے تو سب نے ہر صورت اسلام آبادپہنچنا ہے جس کیلئے ابھی سے بھر پور تیاریاں شروع کی جائیں ۔ اس موقع پر صوبے میں پارٹی کی تنظیم نو کے سلسلے میں بھی اہم فیصلے کئے گئے ۔