News Details

08/05/2022

وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے میں گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافے کی پیشنگوئی کے پیش نظر تمام متعلقہ محکموں اور ضلعی انتظامیہ کو ہر لحاظ سے الرٹ رہنےکی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے میں گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافے کی پیشنگوئی کے پیش نظر تمام متعلقہ محکموں اور ضلعی انتظامیہ کو ہر لحاظ سے الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلی نے پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کو خصوصی ہدایت کی ہے کہ گرمی کی شدت میں متوقع اضافے کے نتیجے میں پہاڑوں میں برف پگھلنے کے باعث ممکنہ سیلابی صورتحال اور دیگر قدرتی آفات کی صورت میں جانی و مالی نقصانات کو کم سے کم کرنے اور امدادی سرگرمیوں کو بروقت شروع کرنے کے لئے تمام تیاریاں مکمل کی جائیں جبکہ ایمرجنسی آپریشن سنٹر کو 24 گھنٹے مکمل طور پر فعال رکھا جائے۔ انہوں محکمہ صحت کو بھی ہیٹ اسٹروک اور دیگر حادثاتی واقعات کے متاثرین کو بروقت طبی امداد کی فراہمی کے سلسلے میں طبی مراکز میں عملے کی موجودگی اور ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ اسی طرح وزیر اعلی نے محکمہ سیاحت اور ضلعی انتظامیہ کو صوبے کے سیاحتی مقامات میں سیاحوں کو ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں انہیں درکار امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے بھی بروقت کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ اطلاعات کو گرمی کی لہر میں متوقع اضافے کی وجہ سے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال میں احتیاطی تدابیر اپنانے کے سلسلے میں عوام الناس کو آگہی دینے کے لئے بڑے پیمانے پر آگہی مہم چلانے کی بھی ہدایت کی ہے۔