News Details

08/07/2022

خیبرپختونخوا حکومت نے زرعی زمینوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور زرعی زمینوں پر بے ہنگم رہائشی اسکیموں کے تدارک کیلئے ایک اہم اقدام کے طور پر لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا ہے

خیبرپختونخوا حکومت نے زرعی زمینوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور زرعی زمینوں پر بے ہنگم رہائشی اسکیموں کے تدارک کیلئے ایک اہم اقدام کے طور پر لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا ہے۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے نو قائم شدہ خیبرپختونخوا لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو مکمل فعال بنانے کیلئے متعلقہ حکام کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس مقصد کیلئے یہ اتھارٹی قائم کی گئی ہے اس کے سو فیصد نتائج حاصل ہونے چاہئیں ۔ یہ ہدایت اُنہوںنے گزشتہ روز خیبرپختونخوا لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی۔ صوبائی وزیر برائے بلدیات فیصل امین گنڈ ا پور، سیکرٹری خزانہ اکرام اﷲ، سیکرٹری قانون مسعود احمد سمیت دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس میںلینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ایکٹ کے تحت کونسل کی تشکیل کی منظوری دے دی گئی اور وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو آئندہ چند روز میںکونسل کا پہلا باضابطہ اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا مذکورہ کونسل کے سربراہ ہوں گے جبکہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، متعلقہ انتظامی سیکرٹریز اور نجی شعبے سے ماہرین کونسل کے ممبرز ہوں گے ۔صوبائی لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول کونسل پالیسی فریم ورک دےنے کے ساتھ ساتھ صوبائی سطح پر لینڈ یوز پلان ، ماسٹر پلانز اور اسپیشیل پلانز کی منظوری کا اعلیٰ فورم ہو گی ۔ مذکورہ کونسل پالیسیز اور اسٹرٹیٹجیز پر عمل درآمداور مانیٹرنگ بھی کرے گی ۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے محکمہ بلدیات کے حکام کو منڈیوں اور بس اڈوں کے قیام کے سلسلے میں زمین کے حصول کیلئے لیز پالیسی مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔