News Details

24/08/2022

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت مویشیوں میں پائی جانے والی لمپی سکن بیماری کی روک تھام سے متعلق ایک اہم اجلاس منگل کے روز منعقد ہوا

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت مویشیوں میں پائی جانے والی لمپی سکن بیماری کی روک تھام سے متعلق ایک اہم اجلاس منگل کے روز منعقد ہوا جس میں صوبہ بھر میں بیماری کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا اوراس کی روک تھام کیلئے آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق اہم فیصلے کئے گئے ۔اجلاس میں مال مویشیوں میں تیزی سے پھیلتی اس بیماری کے موثر تدار ک کیلئے بڑے پیمانے پر خصوصی مہم شروع کرنے اور کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ مویشیوں کو ٹیکے لگانے کیلئے افرادی قوت کی دستیابی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اُٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ مہم کے دوران 70 لاکھ مویشیوں کو لمپی سکن ڈیزیز سے بچاﺅ کے ٹیکے لگائے جائیں گے جس کیلئے ہنگامی بنیادوں پر انجیکشن خریدنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ صوبائی وزراءتیمور سلیم جھگڑا اور محب اﷲکے علاوہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجدعلی خان، سیکرٹری زراعت و لائیو سٹاک اسرار خان اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر محکمہ خزانہ کو بڑے پیمانے پر ویکسین کی خریداری کیلئے درکار فنڈز ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لمپی سکن ڈیزیز کا بروقت تدارک اس وقت حکومت کی اہم ترجیح ہے۔اُنہوںنے مزید ہدایت کی کہ ویکسین کی خریداری کیلئے فوری طور پر آرڈر جاری کردیئے جائیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ لائیو سٹاک صوبے کے زیادہ تر لوگوں کا واحد ذریعہ آمدن ہے اور اس بیماری کے مزید پھیلنے کی صورت میں بہت نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے لہٰذا لوگوں کو اس ممکنہ نقصانات سے بچانے کیلئے بروقت اور نتیجہ خیز اقدامات اُٹھانے کی ضرورت ہے ۔وزیراعلیٰ نے محکمہ لائیو سٹاک ، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں کوفوری طور پر ایک قابل عمل پلان ترتیب دے کر اس پر عمل درآ مد کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ اس سلسلے میں ہم معمولی تاخیر کے بھی متحمل نہیں ہو سکتے ۔ایک ہفتے کے اندر اندرلائحہ عمل تیار کرکے اس پر عمل درآمد شروع کیا جائے، صوبائی حکومت بیماری کی روک تھام کیلئے درکارتمام مالی وسائل فراہم کرے گی ۔ اجلاس کو محکمے کی جانب سے لمپی سکن کی روک تھام کیلئے اُٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے بریفینگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اب تک بیماری کے 46 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔ ساڑھے آٹھ لاکھ سے زائد مویشیوں کو ویکسین لگا دی گئی ہے جبکہ 2000سے زائد مویشی بیماری سےمکمل طور پر صحت یاب ہوئے ہیں اور 13 ہزار سے زائد مویشی زیر علاج ہیں۔ اسی طرح 31 لاکھ سے زائد مویشیوںپر لمپی سکن ڈیزیز سے بچاﺅکا سپرے کیا گیا ہے ۔