News Details

29/08/2022

خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے کے مختلف اضلاع میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے محکمہ ریلیف کو ڈھائی ارب روپے کے اضافی فنڈز فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے

خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے کے مختلف اضلاع میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے محکمہ ریلیف کو ڈھائی ارب روپے کے اضافی فنڈز فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔محکمہ اسٹیبلشمنٹ اینڈ ایڈمنسٹریشن حکومت خیبر پختونخوا نے محکمہ ریلیف کو کابینہ فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنانے کے کے لیے باضابطہ مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔ وزیراعلی محمود خان نے موجودہ صورتحال میں سیلاب متاثرین کو فوری ریلیف کی فراہمی اور ان کی بحالی کو اپنی حکومت کی ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت سیلاب متاثرین کو امداد کی فراہمی میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑے گی۔محمود خان نے کہا کہ متاثرین مشکل کی اس گھڑی میں خود کو تنہا نہ سمجھیں،صوبائی حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے، سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت کے تمام متعلقہ ادارے سیلاب متاثرین کی مدد اور انہیں فوری ریلیف کی فراہمی کے لیے متحرک ہیں اورسیلابی صورتحال بہتر ہوتے ہی متاثرہ لوگوں کی بحالی کے لیے بھی فوری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ واضح رہے وزیر اعلیٰ محمود خان کی ہدایات کی روشنی میں سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں لوگوں کو ریلیف کی فراہمی اور بحالی کی سر گرمیاں جاری ہیں۔دیر لوئر میں تاحال 24 سڑکوں کو بحال کر لیا گیا ہے جبکہ 35 فیڈرز پر بجلی بھی بحال کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ دیر لوئر کے سیلاب متاثرین میں 34 فوڈ پیکجز اور 60 خیمے بھی تقسیم کیے گئے ہیں۔ اسی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 76000 گھرانوں کو خوراک فراہم کی گئی اور متاثرہ دیہاتوں سے نکاسی آب جاری ہے۔متاثرہ آبادی کے لوگوں کو عارضی طور پر قائم کیمپس منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان کے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے بھاری مشینری بھی مصروف عمل ہے۔ اس کے علاوہ ت ضلع شانگلہ میں تاحال کرورا تا اجمیر سڑک کا ایک کلومیٹر حصہ مکمل بحال کر لیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں ضلعی انتظامیہ پشاور کی جانب سے سیلاب متاثرین کو امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ سیلاب متاثرین کے لیے میڈیکل ریلیف کیمپ بھی قائم کیا گیا ہے۔