News Details

03/09/2022

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے" خیبرپختونخوا سول ایڈمنسٹریشن (پبلک سروس ڈیلیوری اینڈ گڈ گورننس )ایکٹ 2020 " کے تحت 15 دنوں میں رولز تیار کرنے کی ہدایت کی ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے" خیبرپختونخوا سول ایڈمنسٹریشن (پبلک سروس ڈیلیوری اینڈ گڈ گورننس )ایکٹ 2020 " کے تحت 15 دنوں میں رولز تیار کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ موجودہ حکومت اصلاحات پر یقین رکھتی ہے تاکہ عوام کی خدمات تک رسائی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ سہل کیا جاسکے۔ اُنہوںنے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ان ہی اقدامات کی بدولت صدیوں پرانے نظام میں اصلاحات متعارف کرائیں جن سے عوام کی خدمات تک رسائی سہل بنائی ہے ۔ صوبے میں اصلاحات کے بارے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کوہدایات جاری کیں کہ سرکاری اراضی کی ایک محکمے سے دوسرے محکمے کو منتقلی کے طریقہ کار کو آسان بنایا جائے اور کہا ہے کہ زمین کی منتقلی کے طویل اور پیچیدہ عمل سے ترقیاتی منصوبے غیر ضروری تاخیر کا شکار ہو جاتے ہیں جو کہ کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ۔ صوبائی وزاءتیمور سلیم جھگڑا، شوکت علی یوسفزئی، چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد بنگش، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ذاکر حسین آفریدی ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ گزشتہ چارسالوں کے دوران صوبائی حکومت کے اصلاحاتی اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔موجودہ حکومت کے تجاوزات کے خلاف موثر اقدامات کی وجہ سے حالیہ سیلابوں میں نقصانات کم ہوئے ۔اُنہوںنے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے بعد صوبہ بھر میںتجاوزات کے خلاف ایک جامع منصوبہ بندی کی جائے گی جس سے مستقبل میں سیلاب کی صورت میں ہونے والے ممکنہ نقصانات میں خاطر خواہ کمی لائی جاسکے گی ۔ اُنہوںنے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے پر یقین رکھتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ گڈ گورننس ، تجاوزات کے خلاف آپریشن ، حفاظتی بندوں کی تعمیراور دیگر اقدامات کی بدولت سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں میں خاطر خواہ کمی آئی ہے ۔ اجلاس میں (Efficiency & Discipline) رولز 2011 میں مجوزہ ترامیم کی اُصولی منظوری بھی دی گئی ۔ وزیراعلیٰ نے سرکاری ملازمین کیلئے دو سالہ ٹرانسفر پالیسی پر موثر انداز میں عمل درآمد کی بھی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ پالیسی کے تحت ملازمین کیلئے آٹومیٹک ٹرانسفر کا طریقہ کار وضع کیا جائے ۔ اجلاس میں صوبے میں سرکاری ملازمتوں میں بھرتی کیلئے ایک نئے زون (زون۔VI ) کی تخلیق کیلئے کابینہ کمیٹی کی سفارشات پر بھی تبادلہ خیا ل کیا گیا ۔وزیراعلیٰ نے کابینہ کمیٹی کو زون۔VI کی تخلیق سے متعلق مجوزہ سفارشات پر مزید غور وخوض کرکے حتمی تجویز پیش کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ معاملہ باضابطہ منظوری کیلئے جلد ازجلد کابینہ کے سامنے پیش کیا جا سکے ۔