News Details

21/09/2022

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کسی تعلیمی بورڈ کو ختم نہیں کر رہی بلکہ امتحانی نظام میں اصلاحات لارہے ہیں جو کہ وقت کی اشد ضرورت ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کسی تعلیمی بورڈ کو ختم نہیں کر رہی بلکہ امتحانی نظام میں اصلاحات لارہے ہیں جو کہ وقت کی اشد ضرورت ہے ۔اُنہوںنے کہاکہ تعلیمی بورڈز اپنی جگہ موجود رہیں گے اوربورڈ ملازمین کو اس سلسلے میں خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ ہمارا مقصد جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے پورے صوبے کیلئے یکساں امتحانی نظام متعارف کرانا ہے جس کا مقصد امتحانات کے متفرق اور امتیازی طریقوں کو ختم کرکے سب کیلئے ایک جیسا نظام وضع کرنا ہے ۔ منگل کے روز وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ شعبہ تعلیم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا صوبائی حکومت کی شروع دن سے ترجیح رہی ہے اور اس مقصد کیلئے متعدد نئی اصلاحات نافذ کی گئی ہیں جن کا حتمی مقصد اپنے بچوں کو جدید چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے قابل بنانا ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ امتحانی نظام میں اصلاحات بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جس سے کسی کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ یہ واحد صوبائی حکومت ہے جس نے یکساں نصاب تعلیم کو فروغ دینے کیلئے عملی اقدامات کئے ۔ اب ہم جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے پورے صوبے کیلئے یکساں امتحانی نظامبھی متعارف کروانا چاہتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ ہم تعلیمی بورڈز ختم نہیں کر رہے بلکہ امتحانی نظام میں اصلاحات لا رہے ہیںجو وقت کا تقاضاہے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبہ بھر کے تمام بچوں کو ایک جیسا پیپر اور ایک جیسا مارکنگ سسٹم دینا نا گزیر ہے ۔ امتحانی نظام میں اصلاحات کی وجہ سے کسی کو تشویش میں مبتلا نہیں ہونا چاہیے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہمارا فوکس جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریع امتحانی نظام میں جدت لانا ہے ۔ اُنہوںنے کہا کہ ہم اپنے شعبہ تعلیم کو بتدریج بین الاقوامی میعار کی طرف لے جارہے ہیںجس کیلئے اصلاحات ناگزیرہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ دُنیا تیز رفتاری کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے ،اگر ہم جدیددُنیا کے ساتھ چلنا چاہتے ہیں تو ہمیں بھی اُنہی خطوط پر اقدامات کرنا ہوں گے ،بصورت دیگر ہم ترقی کی دوڑ میںبہت پیچھے رہ جائیں گے ۔اُنہوںنے مزید واضح کیاکہ زمانے کے بدلتے ہوئے تقاضوں کے مطابق جدید نظام اور رجحانات کا فروغ ہمارے لئے ناگزیر ہو چکا ہے ،اس کے سوا ہمارے پاس کوئی دوسرا آپشن موجود نہیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبہ بھر کیلئے یکساں امتحانی نظام کے فروغ سے شفاف او ر معیاری امتحانات کا انعقاد ممکن ہو گااور امتحانات کے حوالے سے عوامی تحفظات اور خدشات کو بھی دور کرنے میں مدد ملے گی ۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ کوبورڈز ملازمین کے نمائندہ وفد کے ساتھ مذاکرات میں پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے وزیر تعلیم شاہرام ترکئی نے بتایا کہ تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے پا چکے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ بورڈ ملازمین کے تمام تر خدشات کو دور کر دیا گیا ہے اور یقین دلایا گیا ہے کہ صوبائی حکومت تعلیمی بورڈز کو ختم نہیں کر رہی ۔ یہ بورڈز اپنی جگہ سہولیات کی فراہمی جاری رکھیں گے۔ حکومت کا مقصد صرف امتحانی نظام میں اصلاحات لانا ہے جس کے تحت صوبے کے تمام بچوں کو ایک جیسا پیپر، ایک جیسا مارکنگ سسٹم اور یکساں سہولیات میسر ہوں گی ۔ علاوہ ازیں امتحانی نظام میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے ڈیجیٹل طریقے سے پیپرز کی تقسیم سمیت دیگر اہم اُمور بھی ڈیجٹیائزڈ کئے جائیں گے ۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ امتحانی نظام میں اصلاحات پر کام شروع کر دیا گیا ہے جسے تیزرفتاری سے مکمل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی ۔صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی، پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ امجد علی خان، سیکرٹری تعلیم معتصم بااللہ اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔