News Details

24/10/2022

خیبرپختونخوا حکومت کے ایک اور فلیگ شپ منصوبے دیر موٹروے کی تعمیر کیلئے زمین کی خریداری کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور درکار زمین کی بروقت خریداری کو یقینی بنانے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے

خیبرپختونخوا حکومت کے ایک اور فلیگ شپ منصوبے دیر موٹروے کی تعمیر کیلئے زمین کی خریداری کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور درکار زمین کی بروقت خریداری کو یقینی بنانے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو خریداری کے عمل کی نگرانی کے ساتھ ساتھ حائل رکاوٹوں کو بھی دور کرے گی ۔ دیر موٹروے کی تعمیر کیلئے سروے کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ دیگر پہلوﺅں پر بھی پیشرفت جاری ہے ۔ یہ بات گزشتہ روز وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت محکمہ مواصلات و تعمیرات کے ایک جائزہ اجلاس میں بتائی گئی ہے ۔اجلاس کو دیر موٹروے ، پشاور ڈی آئی خان موٹروے ، سوات موٹروے فیز ٹو،مدین بائی پاس ، بحرین بائی پاس اور دیگر منصوبو ں پر اب تک کی پیشرفت بارے تفصیلی بریفینگ دی گئی ۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ابتدائی الائنمنٹ کے مطابق دیر موٹروے کی کل لمبائی 30 کلومیٹر ہے جو چار لائنز پر مشتمل ہو گی جبکہ موٹروے پر دو ٹنلزبھی تعمیر کی جائیں گی ۔پشاور ڈی آئی خان موٹروے کے حوالے سے بتایا گیا کہ یہ موٹروے 365 کلومیٹر طویل ہو گی جو چھ لینز پر مشتمل ہو گی جبکہ 19 انٹرچینجز اور دو ٹنلز بھی تعمیر کی جائیں گی ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت صوبے کے تمام اضلاع کو موٹرویز کے ذریعے منسلک کرنے پر کام کر رہی ہے جس کا مقصد عوام کو آرام دہ سفر کی سہولت کی فراہمی کے ساتھ ساتھ صوبے میں تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ دینا ہے ۔اُنہوںنے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ صوبائی حکومت کے تمام منصوبوں پر ٹائم لائنز کے مطابق عملی پیشرفت کو یقینی بنایا جائے ، عوامی فلاح و بہبود کے ان منصوبوں میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی ۔ اُنہوںنے واضح کیاکہ صرف اُنہی منصوبوں کا افتتاح یا سنگ بنیاد رکھا جائے گا جو گراﺅنڈ پر مکمل ہوں یا مقررہ ٹائم لائنز کے اندر مکمل کی جا سکیں۔ وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ شاہ محمود ، سیکرٹری مواصلات اورپختونخوا ہائی ویز اتھارٹی کے اعلیٰ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی ۔