News Details

06/12/2022

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کا آزاد جموں اور کشمیر کے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی شاندار کامیابی پر پارٹی قائد عمران خان، پارٹی کی سینئر لیڈر شپ ، پارٹی امیدواروں اور کارکنان کو مبارکباد

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے آزاد جموں اور کشمیر کے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی شاندار کامیابی پر پارٹی قائد عمران خان، پارٹی کی سینئر لیڈر شپ ، پارٹی امیدواروں اور کارکنان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج عمران خان کے بیانیے کی فتح ہیں اور اب یہ تبدیلی نہیں بلکہ ایک انقلاب ہے جس کے سامنے اب کوئی نہیں ٹھہر سکتا۔ ان انتخابات کے نتائج نے یہ واضح کر دیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ایک طاقت بن چکی ہے جس کا مقابلہ کرنا دیگر سیاسی جماعتوں کے بس کی بات نہیں۔ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ایک ناقابل تسخیر جماعت بن چکی ہے اور یہ واحد جماعت ہے جو وفا ق کی علامت ہے۔ پی ڈی ایم میں شامل تمام سیاسی جماعتوں میں پی ٹی آئی کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت نہیں ہے، یہ جماعتیں گلی کوچوں کی سیاست کریں، تحریک انصاف کا مقابلہ کرنا ان کے بس کی بات نہیں ہے۔ خیبرپختونخوا کی طرح پورے ملک کے عوام عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں اور یہ واضح کر دیا کہ کہ آئندہ عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف پورے ملک میں کلین سویپ کرے گی اور دو تہائی اکثریت سے حکومت بنائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے کہ کونسی سیاسی جماعت اور کونسا لیڈر اس غیور قوم کی قیادت کر سکتا ہے۔ وزیر اعلیٰ محمود خان نے پی ٹی آئی پر بھر پور اعتماد کا اظہار کرنے پر آزاد کشمیر کے باشعور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان انتخابات نے پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں کی سیاست ہمیشہ کے لیے دفن کردی ہے اور یہ واضح ہوگیا ہے کہ پی ٹی آئی اور عمران خان ہی عوامی امنگوں کے ترجمان ہے۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ عوام نے پوری قوم کی تقدیر کا فیصلہ سنا دیا ہے اور امپورٹڈ حکمرانوں کو ٹھکرا دیا ہے۔ اب ان کے پاس اقتدار کے ساتھ چمٹے رہنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہا۔