News Details

21/12/2022

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم میں شامل نام نہاد سیاسی رہنماﺅں کا بیانیہ دم توڑ چکا ہے اور وہ عوام میں اپنی حیثیت مکمل طو رپر کھو چکے ہیں۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم میں شامل نام نہاد سیاسی رہنماﺅں کا بیانیہ دم توڑ چکا ہے اور وہ عوام میں اپنی حیثیت مکمل طو رپر کھو چکے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پی ڈی ایم ٹولہ عام انتخابات کے انعقاد سے خوفزدہ ہے ۔ منگل کے روز وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ سے جاری ایک بیان میں وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ امپورٹڈ حکمران مہنگائی کے نام پر ایک جمہوری طور پر منتخب حکومت کے خلاف سازش رچا کر اقتدار میں آئے مگر اب اُنہیں مہنگائی نظر نہیں آرہی ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اب مہنگائی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے اور عوام کا جینا محال ہو چکا ہے مگر امپورٹڈ حکمران اپنی لوٹ مار اور شاہ خرچیوں میں مصروف ہیں۔وزیراعلیٰ نے حیرت کا اظہار کیا کہ پی ڈی ایم کابینہ میں شامل سیاستدانوں کی اکثریت ہر وقت مہنگائی کے نام پر سراپا احتجاج رہتی تھی مگر آج یہ خاموش کیوں ہیں ۔ان لوگوں کا بیانیہ اپنی موت آپ مر چکا ہے ۔ اگر یہ اپنے بیانیے پر قائم ہیں تو اُنہیں فوری طورپر مستعفی ہوجانا چاہیئے اور قوم سے معافی مانگنی چاہیئے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اصل بات یہ ہے کہ ان لوگوں کو عوام کے مسائل سے کبھی کو ئی سروکار رہا ہی نہیں ۔ یہ کل بھی اپنے ذاتی مفادات کے حصول کیلئے کھڑے تھے اور آج بھی اپنی لوٹی ہوئی دولت کے تحفظ میں مصروف ہیں۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ان لوگوں نے اپنی کرپشن چھپانے اور مزید لوٹ مار کا راستہ ہموار کرنے کیلئے قومی اداروں کی ساکھ کو بھی داﺅ پر لگا دیا ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ امپورٹڈ حکمران جھوٹے بیانیے کے سہارے زیادہ دیر تک نہیں چل سکتے اور وہ خود بھی اس حقیقت سے اچھی طرح واقف ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ عام انتخابات کے میدان میں اُترنے سے عاری ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہ جتنی چاہیں کوشش کرلیں، انہیں ہر حال میں اپنی سازشوں کا حساب دینا پڑے گا۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ ملک کے مختلف حلقوں میں حالیہ ضمنی انتخابات کے نتائج نے سب کچھ واضح کر دیا ہے کہ عوام کس کے ساتھ کھڑے ہیں۔ آج یا کل جب بھی عوام کی عدالت لگے گی ، پی ڈی ایم ٹولے کو بد ترین شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اُن کیلئے کہیں بھی راہ فرار نہیں رہی ۔ وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی اور اب امپورٹڈ کابینہ خیبرپختونخوا میں مالی عدم استحکام پیدا کرنا چاہتی ہے ۔ اس مقصد کیلئے اُس نے خیبرپختونخوا کے جائز حقوق روک رکھے ہیںجو بلاشبہ ایک غیر جمہوری رویہ ہے ۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ پی ڈی ایم ٹولہ جو چاہے مرضی کر لے ، عوام کے دلوں سے پی ٹی آئی کی مقبولیت کو نہیں نکال سکتے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے ہمیشہ عام آدمی کی فلاح و ترقی کو ترجیح دی ہے اور ہمہ گیر چیلنجز کے باوجود عوام کی فلاح پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔صوبائی حکومت کے اُٹھائے گئے فلاحی و ترقیاتی اقدامات کے مثبت نتائج ہر سطح پر واضح ہیں ۔ امپورٹڈ حکمرانوں کو یہ سب کچھ ہضم نہیں ہو رہا اسلئے وہ صوبائی حکومت کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ امپورٹڈ کابینہ جتنی بھی کوشش کر لے ، ہم اُسے اُس کے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور صوبے کے حقوق لیکر رہیں گے ۔