News Details

23/03/2023

نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان کاپوری پاکستانی قوم خصوصاً صوبے کے عوام کو یوم پاکستان کے پر مسرت موقع پر مبارکباد

نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان نے پوری پاکستانی قوم خصوصاً صوبے کے عوام کو یوم پاکستان کے پر مسرت موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج سے 83 سال قبل جنوبی ایشیاءکے مسلمانوں نے ایک آزاد اسلامی ریاست کے قیام کا متفقہ فیصلہ کیا تھا اور اس مقصد کے حصول کیلئے باضابطہ قرارداد منظور کی گئی تھی جس کے سات سال بعد ہی وطن عزیز پاکستان کا قیام عمل میں آیا۔ پاکستان کا قیام بلاشبہ برصغیر کے مسلمانوں کی طویل جدوجہد ، انتھک محنت اور عظیم قربانیوں کا ثمر ہے ، ہم آج کے دن وطن عزیز کے قیام کیلئے اپنے اسلاف کی شبانہ روز جدوجہد اور ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ یوم پاکستان کی مناسبت سے یہاں سے جاری اپنے خصوصی بیان میں نگران وزیراعلیٰ نے کہاکہ آج کا دن ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ ہم مملکت خداداد کی بقا و سلامتی اور اس کے استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ اپنے اسلاف کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ ہم ایمانداری کے ساتھ اس امانت کی حفاظت کریں اور ان افکار و نظریات پر کاربند رہیں جو پاکستان کے حصول کی بنیاد ہیں۔ پاکستان کو ایک عظیم اور حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے قوم کے ہر فرد اور طبقے کو حسب استطاعت اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے ۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہمارے اسلاف نے باہمی اتفاق و اتحاد کے ذریعے پاکستان کا قیام ممکن بنایا اور اب ہمارا اجتماعی فریضہ ہے کہ ہم ملک کو مسائل کی دلدل سے نکال کر ترقی وخوشحالی کے راستے پر گامزن کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ آج ہم سب کیلئے تجدید عہد کادن ہے ۔ ہم سب نے آج اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ ہم اپنے ذاتی ، سیاسی اور ہر قسم کے اختلافات بھلا کروطن عزیز کو ایک عظیم ملک بنانے کیلئے اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کریں گے ۔