News Details

17/06/2023

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان سے جمعہ کے روز پشاور پریس کلب کے صدر ارشد عزیز ملک کی قیادت میں ایک وفد نے ملاقات کی۔

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان سے جمعہ کے روز پشاور پریس کلب کے صدر ارشد عزیز ملک کی قیادت میں ایک وفد نے ملاقات کی۔ وفد کے دیگر اراکین میں سینئر صحافی شمیم شاہد، ایم ریاض، طارق آفاق کے علاوہ کابینہ اراکین رضوان شیخ، عرفان موسیٰ زئی، طیب عثمان، فیاض اور عمادوحید شامل تھے۔ نگران وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکا خیل اور سیکرٹری اطلاعات مختیار احمد بھی ملاقات میں شریک تھے۔ نگران وزیراعلیٰ اعظم خان نے گرانٹ ان ایڈ کی مد میں ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کا چیک پشاور پریس کلب کی کابینہ کو حوالے کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محمد اعظم خان نے کہا کہ صوبائی حکومت کو صحافی برادری کو درپیش مسائل کا بھرپور ادراک ہے نگران حکومت صحافی برادری کے مسائل حل کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں میڈیا کا کردار مسلمہ ہے ، عوامی مسائل کی نشاندہی اور عوام کو آگاہی دینے میں صحافیوں کا کردارنہایت اہمیت کا حامل ہے۔ جمہوری معاشرے میں صحافت کو ریاست کا چوتھا ستون مانا جاتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے صحافیوں پر زور دیا کہ وہ صوبے کے مسائل کو اجاگر کرنے اور نوجوان نسل کی صحیح سمت رہنمائی میں اپنا اہم کردار ادا کرےں۔ پریس کلب کے صدر ارشد عزیز ملک نے صحافی برادری کے مسائل حل کرنے میں دلچسپی لینے پر وزیراعلیٰ اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت اور صحافیوں کے درمیان اچھے تعلقات قائم ہیں اور آگے بھی قائم رہیں گے۔