News Details

29/06/2023

عید الاضحی کے موقع پرنگران وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان کا پیغام

نگران وزیراعلی خیبرپختونخوامحمد اعظم خان نے عیدالاضحی کے پرمسرت موقع پر پوری قوم خصوصا ًخیبرپختونخوا کے عوام کو مبارکباد دی ہے۔ عید الاضحی کے موقع پر یہاں سے جاری اپنے ایک پیغام میں وزیراعلی نے کہا ہے کہ عید الاضحی عالم اسلام کے لئے خوشی کا سب سے بڑا تہوار ہے جو ہمیں ایثار ، قربانی، اتفاق اور ایک دوسرے کے لئے جینے کا درس دیتا ہے۔ اس دن سنت ابراہیمی کی ادائیگی ہمیں اللہ تعالی کی رضاجوئی اور دوسروں کے دکھ درد کو بانٹنے کے لئے اپنا سب کچھ قربان کرنے کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے عوام خصوصا ًمعاشرے کے صاحب ثروت لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ عیدکے اس پر مسرت موقع پر اپنے ارد گرد نادار اور مستحق لوگوں کو اپنی خوشیوں میں شریک کریں اور یہی اس عظیم اسلامی تہوار کا اصل فلسفہ ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ عیدالاضحی کا یہ اہم دن ہمیں اللہ تعالی کی رضا اور خوشنودی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اتحاد، اتفاق ، یگانگت، امن اور سلامتی کا درس دیتا ہے جو دین اسلام کا آفاقی پیغام ہے۔وزیراعلی نے عوام سے خصوصی اپیل کی ہے کہ وہ سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے بعد صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں اور اس سلسلے میں صفائی عملے کے ساتھ بھر پور تعاون کریں۔ وزیراعلی نے اس موقع پر ملکی سرحدوں کی حفاظت پر مامور سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کوبھی عید کی خصوصی مبارکباد دی ہے۔