News Details

10/07/2023

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کی زیر صدارت پیر کے روز امن و امان سے متعلق اجلاس

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کی زیر صدارت پیر کے روز امن و امان سے متعلق ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے بالخصوص ضلع کرم میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس اختر حیات خان گنڈا پور ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری زبیر اصغر قریشی ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان ، سیکرٹری داخلہ عابد مجید کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے ضلع کرم میں جاری کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ انتظامیہ اور پولیس حکام کو ضلع میں جاری کشیدگی کم کرنے اور امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ کرم میں تمام تنازعات اور مسائل کو افہام و تفہیم اور پر امن طریقے سے حل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے ضلع کرم میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے شہریوں سے اپنے ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر امن کے لئے کوشاں رہنے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ علاقے کی ترقی اور خوشحالی امن سے وابستہ ہے، اگر علاقے میں امن و امان قائم ہوگا تو ترقی اور خوشحالی کا راستہ بھی ہموار ہو گا۔ <><><>