News Details

23/07/2023

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے چترال اور مانسہرہ سمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کے باعث جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے چترال اور مانسہرہ سمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کے باعث جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ ریلیف، ضلعی انتظامیہ اور دیگر تمام متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر امدادی اور ریلیف سرگرمیاں یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ متاثرین کو مشکل صورتحال سے باہر نکالنے، انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور ریلیف کی فراہمی کے لیے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا تفصیلی تخمینہ لگانے پر بھی بلا تاخیر کام شروع کیا جائے تاکہ اس کے مطابق انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے اقدامات اٹھائے جا سکیں۔ وزیر اعلی نے کہا کہ عوام کی محفوظ مقامات پر منتقلی، رابطہ سڑکوں کی بحالی اور دیگر فوری نوعیت کے اقدامات پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے تاکہ متاثرہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ممکن ہو سکے۔ وزیر اعلیٰ نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی اور انکی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ دریں اثناءوزیر اعلیٰ نے بارش کے باعث سوات اور بٹگرام میں لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں متعدد افراد کے جاں بحق ہونے پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے حادثے میں زخمی افراد کی جلد صحتیابی کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ <><><><><><><>