News Details

26/07/2023

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کی زیر صدارت امن و امان کے حوالے سے ایک اہم اجلاس

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کی زیر صدارت بدھ کے روز امن و امان کے حوالے سے ایک اہم اجلاس وزیر اعلیٰ ہاو ¿س پشاور میں منعقد ہوا جس میں صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ نگران وزیر اطلاعات بیرسٹر فیروز جمال شاہ کا کا خیل ،چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری، انسپکٹر جنرل آف پولیس اختر حیات خان گنڈاپور، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، سیکرٹری داخلہ محمد عابد مجید کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ نگران وزیر اعلیٰ نے بد امنی کے حالیہ واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو امن و امان کو بہتر بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے ماہ محرم الحرام کے دوران حساس اضلاع اور مقامات کی سیکیورٹی پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے واضح کیا کہ ماہ محرم کو پر امن طریقے سے گزارنا ہم سب کی ترجیح ہونی چاہیے، اس مقصد کے لیے سیکیورٹی کے حوالے سے معمول کی سرگرمیوں کو مزید بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ خصوصی اقدامات ناگزیر ہیں۔ اس سلسلے میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ محمد اعظم خان نے اس موقع پر خیبر پختونخوا پولیس اور دیگر سیکیورٹی فورسز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن کی بحالی کے لیے ہماری سیکیورٹی فورسز نے لازوال قربانیاں دی ہیں، ہم ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔