News Details

30/07/2023

نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان نے قبائلی ضلع باجوڑ میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت

نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان نے قبائلی ضلع باجوڑ میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور پولیس حکام کو واقعہ کی مختلف پہلوو ¿ں سے تحقیق کر کے تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اتوار کے روز یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں نگران وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان نے دھماکہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ و رنج کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے دھماکہ میں جاں بحق افراد کی مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے اور کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ غمزدہ خاندانوں کو یہ دکھ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ وزیر اعلیٰ نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی ہے اور کہا ہے کہ صوبائی حکومت زخمیوں کے علاج معالجے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑے گی۔ درایں اثناءانہوں نے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا اور سیکرٹری صحت کوباجوڑ دھماکے کے زخمیوں کو بروقت اور بہترین طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے خصوصی انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ان زخمیوں کا بہترین علاج معالجہ یقینی بنانے کے لئے پشاور کے تدریسی ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کی جائے، وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ پشاور کے بڑے ہسپتالوں میں باجوڑ دھماکے کے زخمیوں کے لئے خصوصی وارڈز مختص کئے جائیں، زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، اعظم خان نے واضح کیا کہ وہ زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کے عمل کی خود نگرانی کریں گے۔دھماکے کے زخمیوں کو پشاور کے ہسپتالوں میں منتقل کرنے کے لئے صوبائی حکومت کا ہیلی کاپٹر فراہم کر دیا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ریسکیو آپریشن کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔بعد ازاں وزیر اعلیٰ نے سی ایم ایچ پشاور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے باجوڑ دھماکہ کے زخمیوں کی عیادت کی۔صوبائی وزیر حامد شاہ ، چیف سیکرٹری اور انسپکٹر جنرل پولیس بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے وزیر اعلیٰ نے زخمی افراد سے فرداً فرداً ملاقات کر کے ان کی خیریت دریافت کی۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ شہداءکے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہیں۔ <><><><>><><><>