News Details

10/08/2023

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے محکمہ جنگلات خیبر پختونخواہ کے تحت مون سون شجرکاری مہم 2023 کا اجراء کر دیا ہے

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے محکمہ جنگلات خیبر پختونخواہ کے تحت مون سون شجرکاری مہم 2023 کا اجراء کر دیا ہے۔نگران وزیر اعلی نے بدھ کے روز وزیراعلی ہاو ¿س پشاور کے لان میں پودا لگا کر مہم کا باضابطہ اجراءکیا۔نگران صوبائی وزیر برائے جنگلات بخت نواز خان، نگران وزیر اطلاعات بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل اور محکمہ جنگلات کے اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مہم کے تحت صوبہ بھر میں ایک کروڑ 30 لاکھ سے زائد پودے لگانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ اس موقع پر صوبے میں شجر کاری اور جنگلات کے تحفظ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 10 بلین ٹری پراجیکٹ کے تحت صوبے میں جنگلات کے مجموعی رقبے میں 6.3 فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے۔ نگران وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں جنگلات کے تحفظ اور فروغ میں محکمہ جنگلات کا کردار قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی زندگی کی بقا کے لئے جنگلات کی اہمیت اور ضرورت سے انکار ممکن نہیں، ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لئے جنگلات کی اہمیت اور بھی بڑھ گئی ہے۔ اعظم خان کا کہنا تھا کہ پہلے سے موجود جنگلات کا تحفظ اور بڑے پیمانے پر شجرکاری کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے، یہ امر خوش آئند ہے کہ محکمہ جنگلات اس مقصد کے لئے ایک جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھا رہا ہے۔ اعظم خان نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ اس شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کے لئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، شجرکاری ایک قومی فریضہ ہے، شہری اس سلسلے میں بھر پور کردار ادا کریں، تاکہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو آلودگی سے پاک اور سرسبز و شاداب ماحول دے سکیں۔