News Details

23/08/2023

خیبر پختونخوا تعلیمی بورڈز کے تحت میٹرک سالانہ امتحانات نتائج 2023 کا اعلان کردیا گیا

خیبر پختونخوا تعلیمی بورڈز کے تحت میٹرک سالانہ امتحانات نتائج 2023 کا اعلان کردیا گیا ۔ اس سلسلے میں منگل کے روز وزیر اعلیٰ ہاو ¿س پشاور میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی نگران وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان تھے۔ صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تمام تعلیمی بورڈز کے نتائج کا بیک وقت اعلان کیا گیا۔ نتائج کے مطابق پشاور تعلیمی بورڈ کے تحت امتحانات میں کامیابی کی مجموعی شرع 86 فیصد رہی۔ سائنس گروپ کی عدن شاہد نے 1086 نمبر لے کر مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ لبابہ عالم نے 1083اور انیبہ اسد نے 1082نمبر کر بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ایبٹ آباد بورڈ کے تحت امتحانات میں کامیابی کی شرح 82 فیصد رہی۔ سائنس گروپ کی عمامہ نور نے 1064نمبر لے کر بورڈ میں مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ سائنس گروپ سے ہی طوبی مرتضیٰ نے 1059 نمبر لے کر دوسری جبکہ فاختہ صادق نے 1055 نمبر لیکر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ بنوں بورڈ کے تحت امتحانات میں کامیابی کی شرح 87 فیصد رہی۔ سائنس گروپ کے جاوید خان نے 1056 نمبر لے کر مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی ہے جبکہ رضوان اللہ نے 1053نمبر لے کر دوسری اور رابعہ سعداللہ خان نے 950 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ ڈی آئی خان بورڈ کے تحت امتحانات میں کامیابی کی مجموعی شرح 88.07 فیصد رہی ۔ نتائج کے مطابق سائنس گروپ کی سائرہ بی بی اور دُعا زنیب نے 1064 نمبر لیکرمشترکہ طور پر بورڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کی ۔ایمان سلیم نے 1063 نمبر لے کر دوسری جبکہ میمونہ سعدیہ اور ہادیہ زنیب نے 1060 نمبر لیکر مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ کوہاٹ بورڈ کے تحت میٹرک امتحانات میں کامیابی کی مجموعی شرح 87.45 فیصد رہی ۔ کوہاٹ بورڈ کے تحت سائنس گروپ کے سید عدن رضا نے 1048 نمبر لیکر پہلی ،احمد علی نے 1045 نمبر لیکر دوسری جبکہ مناہل نعیم نے 1040 نمبر لیکر مجموعی طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ ملاکنڈ بورڈ کے تحت امتحانات میں کامیابی کی مجموعی شرح 91 فیصد رہی ۔ ملاکنڈ بورڈ کے تحت سائنس گروپ کے محمد فاروق نے 1083 نمبر لے کر مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ میرین ہمش1081 نمبر کے ساتھ دوسرے اور صباحت ملک 1079 نمبر کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہیں۔ مردان بورڈ کے تحت کامیابی کی مجموعی شرح 87 فیصدرہی ۔ مردان بورڈ کے تحت سائنس گروپ کے ماہین چاند اور سارہ خان نے 1075 نمبر لے کر مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اسی طرح سائنس گروپ کی ہی بسمہ رحمان ، شائستہ طاہر اور ندا اقبال نے 1074 نمبر لیکر مشترکہ طور پر دوسری پوزیشن حاصل کی ۔ سوات بورڈ کے تحت امتحانات میں کامیابی کی مجموعی شرح 88 فیصد رہی ۔ سائنس گروپ کے جواد عالم نے 1073 نمبر لیکر مجموعی طور پر بورڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کی ، عرفان اﷲ خان نے 1072 نمبر لیکر دوسری جبکہ شاکر اﷲ اور عاد ل منیب احمد نے 1070 نمبر لیکر مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ تقریب سے اپنے خطاب میں نگران وزیراعلیٰ محمد اعظم خان نے میٹرک کے سالانہ امتحانات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ ، اُن کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ امتحانات میں شاندارکارکردگی کے پیچھے طلبہ ، ان کے اساتذہ اور والدین کی انتھک محنت شامل ہے جس پر میں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں ، آپ کسی بھی فیلڈ میں ہوں یا کوئی بھی کام کریں، اس میں کامیابی کیلئے اخلاص کے ساتھ محنت کرنا بنیادی شرط ہے اور یہی وجہ ہے کہ جو لوگ محنت کرتے ہیں ، کامیابی انہی کا مقدر بنتی ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ بورڈ امتحانات میں کامیاب ہونے والے طلبہ نے نہ صرف اپنی محنت کا صلہ پایا بلکہ اپنے والدین اور اساتذہ کا سر بھی فخر سے بلند کیا ۔ محمد اعظم خان نے مزید کہا کہ تعلیم کا شعبہ کسی بھی ریاست یا حکومت کی اولین ترجیح ہو تا ہے ۔ نگران صوبائی حکومت اپنے محدود مینڈیٹ اور وسائل کے باوجود تعلیم کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ رواں مالی سال کے ابتدائی چار ماہ کے ترقیاتی بجٹ میں شعبہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے107 منصوبے شامل کئے گئے ہیں جن کیلئے ساڑھے چار ارب روپے مختص ہیں۔ صوبے میں سکولوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ کیا جارہا ہے ، پہلے سے موجود سکولوں میں سیکنڈ شفٹ کے ساتھ ساتھ کمیونٹی سکول کا نظام بھی متعارف کرایا گیا ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ ہمارا مقصد شعبہ تعلیم میں اصلاحاتی اور ترقیاتی عمل کا جاری رکھنا ہے تاکہ ہم اپنے بچوں کو معیاری تعلیم کی سہولیات فراہم کرسکیں۔ تقریب میں نگران صوبائی وزیر بیرسٹر فیروز جمال شاہ، محکمہ تعلیم کے حکام ، تعلیمی بورڈز سربراہان، پوزیشن ہولڈرز طلبہ اور اُن کے والدین نے تقریب میں شرکت کی ۔