News Details

07/09/2023

نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اعظم خان کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا دسواں اجلاس سول سیکرٹریٹ پشاور کے کیبنٹ روم میں منعقد ہوا۔

نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اعظم خان کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا دسواں اجلاس سول سیکرٹریٹ پشاور کے کیبنٹ روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں نگران وزرائ ، مشیران، معاون خصوصی، چیف سیکرٹری اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے ایجنڈے میں 10 نکات شامل تھے، جن میں محکمہ لیبر، صحت اور ریلیف کے دو دو جبکہ اوقاف، لوکل گورنمنٹ، زراعت اور محکمہ بہبود آبادی کے ایک ایک نکات پیش کئے گئے۔ نگراں کابینہ نے صوبے میں مزدور کی کم سے کم اجرت 25000 سے بڑھا کر 32000 کرنے کی منظوری دی. کم سے کم اجرت کے حوالے سے صوبائی کابینہ نے 20 جون 2023 کو سرکاری شعبے میں یومیہ اجرت پر کام کرنے والے افراد کی ماہانہ اجرت میں اضافہ کرتے ہوئے اجرت 25000 سے بڑھا کر 32000 ماہانہ کرنے کی منظوری دی تھی۔اس فیصلے کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ محنت نے کم از کم اجرت ایکٹ 2013 کے سیکشن 4(1) کے تحت خیبرپختونخوا مینمم ویجز بورڈ کی سفارشات کے تحت مزدور کے لئے ماہانہ اجرت 32000 کرنے کی منظوری کیلئے صوبائی نگراں کابینہ میں پیش کی جسے منظور کرلیا گیا. اسی طرح صوبائی کابینہ کے اجلاس میں ورکرز چلڈرن ایجوکیشن بورڈ کے سکولوں کے لئے اضافی گرانٹ ان ایڈ کی فراہمی کا معاملہ پیش کیا گیا اور بتایا گیا کہ ورکرز چلڈرن ایجوکیشن بورڈ کے چارسکولوں میں 93 تدریسی اور انتظامی عملہ کام کرتا ہے، صوبائی حکومت نے مالی سال2022-23 کے دوران تنخواہوں کی ادائیگی، کتابیں، یونیفارم خریدنے اور وظیفہ وغیرہ فراہم کرنے کے لیے گرانٹ دی تھی، جس کے خرچ ہونے پر اضافی گرانٹ ان ایڈ کی ضرورت ہے، اس سلسلے میں مالی مشکلات کے حل کے لئے اضافی گرانٹ ان ایڈ کی منظوری اجلاس میں دی گئی. اجلاس میں دیر لوئر میں ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی ملکیت 3 کنال اراضی ایمرجنسی ریسکیو سروسز خیبرپختونخوا کو منتقلی کی منظوری دی گئی، اراضی کی منتقلی پر ریسکیو 1122 کا سٹیشن تعمیر کیا جائے گا جس سے ضلع دیر لوئر کی تحصیل ادنزئی میں کسی بھی آفت اور ہنگامی حالات میں ریسکیو 1122 کی خدمات میسر آئیں گی۔ کابینہ نے ضلع شمالی وزیرستان میں کاروباری نقصان کے ازالے کے لئے جاری اے آئی پی منصوبے کی مد میں سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی تاکہ میران شاہ بازار میں اراضی، مال اور عمارتوں کو پہنچنے والے نقصانات کا باقی ماندہ معاوضہ مالکان کو دیا جا سکے. کابینہ نے محکمہ بہبود آبادی کے ڈاکٹروں کومحکمہ صحت کے ڈاکٹروں کی طرزپر ہیلتھ پروفیشنل الاونس دینے کی منظوری دی، یہ تجویز محکمہ بہبود آبادی کی جانب سے پیش کی گئی اور بتایا گیا کہ محکمہ بہبود آبادی میں میڈیکل ڈاکٹروں کی 79 آسامیاں ہیں جن پر ڈاکٹروں کو ایم بی بی ایس کی اہلیت کے ساتھ تعینات کیا جاتا ہے اور ان کی وہی ذمہ داریاں ہیں جو محکمہ صحت کے ڈاکٹروں کی ہیں۔کابینہ نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2023 میں بعض ترامیم کی اصول منظوری دی ہے. اسی طرح زرعی ترقی کے لئے فوڈ سیکیورٹی سپورٹ پروجیکٹ کی اصولی منظوری بھی دی گئی ہے۔