News Details

12/09/2023

نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان نے پیر کے روز صوبائی کابینہ اراکین کے ہمراہ کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا

نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان نے پیر کے روز صوبائی کابینہ اراکین کے ہمراہ کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہیں سیکورٹی کی مجموعی صورتحال، نئے ضم شدہ اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور پولیس کی استعداد کار بڑھانے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔ شرکاءنے سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں کی اہمیت پر زور دیا جس میں نئے ضم شدہ اضلاع (NMDs) میں نئے سیاحتی مقامات اور معدنیات کی ایکسپلوریشن شامل ہیںجو علاقے میں پائیدار امن اور ترقی کے لیے ضروری ہے۔ اجلاس میں بارڈر مینجمنٹ کے طریقہ کار کا بھی جائزہ لیا گیا جس میں سامان کی اسمگلنگ کی روک تھام کے اقدامات اور مسائل کے حل کے لیے ایک جامع اور مرتب طریقہ کار کو آگے بڑھانے کیلئے سفارشات پیش کی گئیں۔ شرکاءنے کاو ¿نٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) سمیت کے پی پولیس کی استعداد کار میں اضافے کی اہمیت پر زور دیا اور صوبے بھر میں دہشت گردانہ حملوں کو ناکام بنانے میں پولیس کی حالیہ کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ شرکاءنے شہدا کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے مادر وطن کی حفاظت، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔