News Details

20/09/2023

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے کہا ہے نوجوانوں کے لئے رورل یوتھ سمٹ کا انعقاد اپنی نوعیت کی منفرد اور انتہائی اہم سرگرمی ہے

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے کہا ہے کہ ہماری آبادی کا دو تہائی حصہ 30 سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے اور یہ نوجوان ہی ہمارے مستقبل کا اثاثہ ہیں۔ نوجوانوں کے لئے رورل یوتھ سمٹ کا انعقاد اپنی نوعیت کی منفرد اور انتہائی اہم سرگرمی ہے جس سے دیہی علاقوں کے نوجوانوں کو ملکی اور غیر ملکی ماہرین کے ساتھ بیٹھنے اور ان سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔ صوبائی حکومت نوجوان طبقے کی فلاح کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے ، خصوصی طور پر کم مراعات یافتہ نوجوان طبقے کی حوصلہ افزائی اور انہیں ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے لئے پر عزم ہے اوراس سلسلے میں دیگر سرکاری و نجی تنظیموں اور اداروں کے اقدامات کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز پاکستان کمیونٹی سپورٹ پراجیکٹ، ورلڈ بینک اور ملٹی ڈونر ٹرسٹ فنڈ کے اشتراک سے منعقدہ تین روزہ رورل یوتھ سمٹ 2023 کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ سمٹ کا موضوع دیہی علاقوں کے نوجوانوں کی ترقی ہے جو ایک خوش آئند امر ہے اور اس سمٹ کو ایک فلیگ شپ پروگرام کے طور پر سالانہ بنیادوں پر منعقد کیا جائیگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مذکورہ سمٹ میںشرکت کے ذریعے نوجوانوں کو اپنے علم میں اضافہ کرنے ، اپنی صلاحیتوں کی نکھارنے اور وطن عزیز کے بہتر مستقبل کے لئے اپنے کردار کو متعین کرنے کے سلسلے میں بہت مدد ملے گی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر نوجوانوں کی فلاح کے لئے حکومت کے عزم اور اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت دیہی علاقوں کے نوجوانوں کو بھی صوبے کے شہری علاقوں میں بسنے والے نوجوانوں کے برابر لاکھڑا کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کم مراعات یافتہ نوجوانوں کو تعلیم و تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کرکے ان کی محرومیوں کا ازالہ کرنے اور انہیں با اختیار بنانے پر یقین رکھتی ہے ۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ نوجوان طبقے پر سرمایہ کاری وقت کی اشد ضرورت ہے ہم اس سلسلے میں ترجیحات کا تعین کرکے صوبے کے نوجوانوں کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبے میں نوجوان طبقے کو حقیقی معنوں میں بااختیار بنانے کے لئے سکالر شپس کے تحت تعلیم و تربیت کے مواقع کی فراہمی ، نوجوانوں کی مہارتوں کو نکھارنے کے لئے تربیتی کورسز/سیشن کا انعقاد ، انٹرن شپ اور روزگار کے مواقع کی فراہمی اور کھیلوں کی معیاری سہولیات کے فروغ جیسے اقدامات کلیدی اہمیت کے حامل ہے جن سے نوجوانوں کو تیز رفتاری کے ساتھ ترقی ، بہتری اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے سمٹ کے انعقاد کو دیہی نوجوانوں کے ساتھ کئے گئے وعدے کی تکمیل کا عملی مظہر قرار دیا۔ انہوں نے سیمینار کے انعقاد کو یقینی بنانے پر تمام شراکت داروں کی کاوشوں کوسراہا اور خصوصی طور پر ورلڈ بینک ، پاکستان کمیونٹی سپورٹ پراجیکٹ اور ملٹی ڈونر ٹرسٹ فنڈ کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ رورل یوتھ سمٹ 2023 " دیہی نوجوانوں کے لئے ڈیجیٹل حل " کے منفرد موضوع کے تحت منعقد کیا گیا ہے جس کا مقصد خیبرپختونخوا کے دیہی علاقوں میں موجود مرد و خواتین نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہے۔ سیمینار کی افتتاحی تقریب سے ورلڈ بینک کے آپریشنل منیجر نے بھی خطاب کیا جبکہ نگران صوبائی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر نجیب اللہ ، متعلقہ سرکاری حکام ، ورلڈ بینک اور دیگر شراکت دار تنظیموں کے نمائندگان ، طلباءو طالبات اور اور دیہی نوجوانوں کی کثیر تعداد نے سیمینار میں شرکت کی۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ نے نوجوانوں کی طرف سے لگائے گئے مختلف سٹالز کا معائنہ بھی کیا اور سٹالز میں رکھی گئی مصنوعات میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔