News Details

21/09/2023

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کی زیر صدارت بدھ کے روز خیبرپختونخواہائیڈل ڈویلپمنٹ فنڈ بورڈ کا 17 واں اجلاس وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں منعقد ہوا

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کی زیر صدارت بدھ کے روز خیبرپختونخواہائیڈل ڈویلپمنٹ فنڈ بورڈ کا 17 واں اجلاس وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں منعقد ہوا جس میں نگران صوبائی وزیر برائے خزانہ احمد رسول بنگش ، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے توانائی ڈاکٹر سرفراز علی شاہ کے علاوہ چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری زبیر اصغر قریشی، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز اور دیگر بورڈ اراکین نے شرکت کی ۔ اجلاس میںبورڈ کے گزشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا اور مالی سال 2023-24 کے دوران توانائی کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈنگ کی مشروط منظوری دی گئی ۔نگران وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو صوبائی ٹرانسمشن اینڈ گرڈ کمپنی کو فوری طور پر فعال بنانے کیلئے ضروری اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ مذکورہ کمپنی کو فعال بنانے کیلئے جلد ازجلد چیف ایگزیکٹیو آفیسر کی تعیناتی عمل میں لائی جائے ۔ اُنہوںنے بجلی کی ترسیل کیلئے صوبائی حکومت کی اپنی ٹرانسمشن اینڈ گرڈکمپنی کے قیام کو ایک احسن اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کمپنی کے قیام سے صوبے کاواپڈا کے انفراسٹرکچر پر انحصار کم ہو جائے گا۔ اُنہوںنے مزید ہدایت کی ہے کہ پیڈو کے تحت مکمل ہونے والے پن بجلی گھروں کو بھی جلد فعال بنانے کیلئے ضروری اقدامات اُٹھائے جائیں اور اس مقصد کیلئے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل بیٹھ کر حکمت عملی وضع کی جائے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ان منصوبوں پر عوام کا پیسہ خرچ ہوا ہے اور اُن کے فوائد بلا تاخیر عوام تک پہنچنے چاہئیں ۔ اُنہوںنے مزید کہاکہ ان بجلی گھروں کو فعال کرنے سے صوبے میں توانائی کے بحران کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ صوبائی آمدن کو بڑھانے میں بھی خاطر خواہ مدد ملے گی ۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ صوبے میں پن بجلی گھروں کے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل پر خصوصی توجہ دی جائے کیونکہ توانائی کے منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومتی اہداف کا ایک اہم جز ہے ۔