News Details

13/10/2023

نگراںوزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان کاگزشتہ روزپشاور میں دن دیہاڑے رہزنوں کے ہاتھوں ایڈورڈز کالج کے طالب علم کے قتل کے واقعے کا سختی سے نوٹس

نگراںوزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان نے گزشتہ روزپشاور میں دن دیہاڑے رہزنوں کے ہاتھوں ایڈورڈز کالج کے طالب علم کے قتل کے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل آف پولیس کو واقعے کی رپورٹ پیش کرنے اور متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کو فوری طور پر معطل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ اس بہیمانہ قتل میں ملوث عناصر کی جلد سے جلد گرفتاری کو یقینی بنایا جائے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ دن دیہاڑے ایسے واقعات کا رونما ہونا باعث تشویش ہے ، ان کے موثر تدارک کیلئے جامع حکمت عملی وضع کی جائے ، اسٹریٹ کرائمز کی روک تھام کیلئے پٹرولنگ کے نظام کو بہتر بنایا جائے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے نتیجہ خیز اقدامات کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے مقتول طالب علم کے اہل خانہ سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مقتول کی مغفرت اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دُعا کی ہے اور کہا ہے کہ وہ متا ثرہ خاندان کے غم میں برابرکے شریک ہیں ۔محمد اعظم خا ن نے کہاکہ طالب علم کے قتل میں ملوث عناصر کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور انہیں قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی ۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ نے گزشتہ روز لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے عملے کی طرف سے مقامی صحافی کے ساتھ مبینہ بدسلوکی کے واقعے کا بھی نوٹس لیتے ہوئے مشیر صحت کو معاملے کی رپورٹ طلب کرنے اور اس سلسلے میں ایل آر ایچ انتظامیہ اور متاثرہ صحافی دونوں کا موقف لیکر مزید کاروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی ہے۔اُنہوںنے کہا ہے کہ ڈاکٹرز اور صحافی دونوں قابل احترام ہیں اور کسی کو بھی کسی کے ساتھ زیادتی کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر مشیر صحت ڈاکٹر ریاض انور نے معاملے کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے ۔