News Details

15/10/2023

نگراں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان کاہفتہ کے روز چارسدہ کا مختصر دورہ ۔ مقامی نجی ہسپتال میں عالمی یوم بصارت کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت

نگراں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان نے ہفتہ کے روز چارسدہ کا مختصر دورہ کیا جہاں اُنہوں نے مقامی نجی ہسپتال میں عالمی یوم بصارت کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے کہاکہ ہر سال اکتوبر کے دوسرے ہفتے میں عالمی سطح پر بصارت کا دن منایا جاتا ہے جس کا بنیادی مقصد بینائی کی اہمیت اور آنکھوں کی دیکھ بھال کے بارے میں شعور پیدا کرنا ہے ۔ یہ دن آنکھوں کی دیکھ بھال اور ہر خاص و عام کی معیاری علاج معالجے کی سہولیات تک رسائی کی اہمیت کو اُجاگر کرتا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ آنکھوں کی صحیح دیکھ بھال اور علاج معالجے تک رسائی بنیادی انسانی حقوق میں شامل ہے ، عالمی ادارہ صحت کے ایک اندازے کے مطابق دُنیا بھر میں تقریباً 2.2 ارب لوگ بینائی سے محروم ہیں جن میں سے آدھے ایسے ہیں جن کی بینائی علاج کے ذریعے بحال کی جا سکتی ہے ۔ اُنہوںنے واضح کیا کہ عالمی ادارہ صحت کے ان اعداد و شمار سے آنکھوں کی دیکھ بھال اور بروقت علاج معالجے کی اہمیت کو سمجھنامشکل نہیں، بینائی قدرت کی عظیم نعمت ہے ، اس کی حفاظت کا خاص خیال رکھنا لازم ہے ۔ اس نعمت کی اہمیت کا اندازہ صرف وہی لوگ کرسکتے ہیں جو اس نعمت سے محروم ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ لوگوں کو آنکھوں کی دیکھ بھال اور علاج معالجے کی فراہمی کیلئے نجی تنظیموں ، رضاکاروں، تحقیق کاروں اور اس شعبے سے وابستہ ڈاکٹروں کا کردار قابل تحسین ہے ۔ آج کے دن ہم ان کی گراں قدر خدمات کا اعتراف اور امراض چشم میں مبتلا افراد کی دیکھ بھال کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ آنکھوں کی حفاظت سے متعلق بڑے پیمانے پر آگاہی دینے اور اس سلسلے میںبچوں پرخصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے جبکہ امراض چشم کے شعبے میں جدید طبی تحقیق اور ٹیکنالوجی کو بھی فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔ وزیراعلیٰ نے چارسدہ کے لوگوں کو آنکھوں کے علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی میں مشہور ماہرامراض چشم پروفیسر ڈاکٹر داﺅد اور اس کے ادارے کی خدمات کو بھی سراہا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر بینائی کی اہمیت اور آنکھوں کی دیکھ بھال کے بارے میں آگاہی واک کی بھی قیادت کی ۔ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر ریاض انور، پروفیسر ڈاکٹر داﺅد ، شعبہ چشم سے وابستہ ڈاکٹرز اور طلبہ کے علاوہ شہریوں کی کثیر تعداد نے بھی تقریب میں شرکت کی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشہور ماہر امراض چشم ڈاکٹر داﺅد نے عالمی یوم بصارت کے اغراض و مقاصد اور آنکھوں کی دیکھ بھال کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ بعدازاں وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں زیر علاج آنکھوں کے مریضوں کی بھی عیادت کی ۔