News Details

20/10/2023

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان سے وفاقی سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن ڈاکٹر کاظم نیاز اور پاکستان میں ایشیائی ترقیاتی بنک کے نمائندے کی ملاقات

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان سے وفاقی سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن ڈاکٹر کاظم نیاز اور پاکستان میں ایشیائی ترقیاتی بنک کے نمائندے نے جمعہ کے روز وزیر اعلیٰ ہاو ¿س پشاور میں ملاقات کی جس میں خیبر پختونخوا میں جاری فارن فنڈڈ پراجیکٹس سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری امتیاز حسین شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں صوبے میں جاری فارن فنڈڈ پراجیکٹس پر عملدرآمد کی رفتار کو تیز کرنے اور ان کی بروقت تکمیل پر خصوصی توجہ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ نگران وزیر اعلیٰ ان منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کے لئے ماہانہ جائزہ اجلاس منعقد کریں گے جبکہ چیف سیکرٹری ان منصوبوں کے لئے فنڈز کی بلاتعطل فراہمی کا بندوبست کریں گے اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبوں پر عملدرآمد کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے خصوصی اقدامات اٹھائیں گے۔ تاہم جو مسائل ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی سطح پر حل نہ ہوسکے وہ وزیر اعلی کے سامنے پیش کئے جائیں گے۔ ملاقات میں ضم شدہ قبائلی اضلاع کے لئے فارن فنڈنگ کے تحت نئے منصوبوں کی نشاندہی کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ضم اضلاع کے لئے ایسے منصوبوں کی نشاندہی کی جائے جن کا فائدہ زیادہ سے زیادہ عوام کو پہنچ سکے۔ وزیر اعلی نے واضح کیا کہ فارن فنڈڈ پراجیکٹس خیبر پختونخوا اور ضم اضلاع کے لئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، یہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے ہیں ان کے ثمرات بلاتاخیر عوام تک پہنچنے چاہئیں۔ اعظم خان نے ان منصوبوں کی بروقت تکمیل پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس مقصد کے لیے تمام تر ضروری اقدامات یقینی بنائی جائیں۔ <><><><><><><>