News Details

23/10/2023

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیر صدارت اجلاس ,نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان کی بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیر صدارت ایک اجلاس پیر کے روز منعقد ہوا۔ نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان سمیت دیگر صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور حکام بالا نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی جس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے بعد اشیائے خوردونوش کی قیمتوں اور ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کا جائزہ لیا گیا۔ خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے اجلاس کے شرکاءکو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاگیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے بعد اس کا زیادہ سے زیادہ عوام کو پہنچانے کے لئے صوبائی حکومت نے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں جن کے نتیجے میں ٹرانسپورٹ کرایوں اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی آئی ہے ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد صوبے میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں 12 فیصد تک کمی آئی ہے جبکہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ اشیائے خوردنوش کی قیمتوں میں کمی سے متعلق بتایا گیا کہ چاول کی قیمتوں میں 7 سے 15 فیصد،دال مسور 9فیصد ، لوبیہ 13 فیصد، پیاز 10فیصد، آلو 9فیصد، ٹماٹر9فیصد جبکہ چھوٹے گوشت کی قیمت میں 10 فیصد کمی آئی ہے۔مزید بتایاگیا کہ پٹرولیم قیمتوں میں کمی کے تناظر میں صوبے میں ٹرانسپورٹ کرایوں اور اشیائے خوردنوش کی نئی قیمتوں کا تعین کیا گیا ہے جس پر عملدرآمد کے لئے صوبہ بھر کی ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کو متحرک کردیاگیا ہے اور نئی قیمتوں اور کرایوں پر عملدرآمد کے لئے روزانہ کی بنیادوں پر کاروائیاں کی جارہی ہیں۔ ان کاروائیوں کے نتیجے میں اب تک 577یونٹس کو سیل کر دیا گیا ہے، تقریباً 30 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے ، 68گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں ، جبکہ 2,230 افراد کو وارننگ جاری کی گئی ہے۔ <><><><><><>