News Details

26/10/2023

نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوامحمد اعظم خان نے کہا ہے کہ نگران صوبائی حکومت صوبے اور اس کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے غیر ملکی سرمایہ کاری کا ہمیشہ خیر مقدم کرے گی

نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوامحمد اعظم خان نے کہا ہے کہ نگران صوبائی حکومت صوبے اور اس کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے غیر ملکی سرمایہ کاری کا ہمیشہ خیر مقدم کرے گی اور اس مقصد کیلئے صوبے میں سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی لینے والے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی ۔ اُنہوںنے کہاکہ گزشتہ کئی دہائیوں سے جاری علاقائی مسائل نے خیبرپختونخوا کو کافی حد تک متاثر کیا ہے اور یہاں کے عوام نے بڑی مشکلات کا سامنا کیا ہے ۔اس لئے صوبے کے مختلف شعبوں خصوصاًسائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کی ضرورت ہے ۔ صوبے کے ان شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے بڑا سکوپ ہے اور دوسری طرف صوبے میں بیرونی سرمایہ کاری کے لئے ماحول بھی سازگار ہے ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوںنے بدھ کے روز امریکہ کی ایک نجی سرمایہ کار کمپنی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد نے وزیراعلیٰ سے اُن کے دفتر میں ملاقات کی اور خیبرپختونخوا کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے مختلف معاملات پر تبادلہ خیا ل کیا۔ نگران صوبائی وزیر برائے سائنس ٹیکنالوجی اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر نجیب اﷲ اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ اس موقع پر آگاہ کیا گیا کہ امریکن سرمایہ کار کمپنی (TRAM) خیبرپختونخوا میں سٹارٹ اپس اور گروئنگ کمپنیوں کی ترقی کیلئے 100 ملین امریکی ڈالر تک سرمایہ کاری کرنے کیلئے رضا مند ہے ، اس سلسلے میں شعبہ سائنس ٹیکنالوجی اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور TRAM کے مابین ایک مفاہمتی یاداشت پر دستخط پہلے سے کئے جاچکے ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ صوبے کے مختلف شعبوں بشمول انفارمیشن ٹیکنالوجی ، فن ٹیکنالوجی ، بائیو ٹیکنالوجی اور آرٹیفشل انٹیلی جنس میں سرمایہ کاری کی جائے گی ۔ اسی طرح شعبہ ایس ٹی اینڈ آئی ٹی نے صوبے میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کو تیز کرنے اور کامیاب بزنس ماڈل کو فروغ دینے کیلئے امریکہ کی ایک دوسری کمپنی (TINGO) کے ساتھ بھی مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے ہیں۔ مفاہمتی یاداشت کے تحت فریقین نے مختلف قسم کے اقدامات میں تعاون پر رضا مندی ظاہر کی ہے جس سے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں اضافے ، کاروبارکی ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے مسائل کے حل کو فروغ دینے میں مدد ملے گی ۔ وزیراعلیٰ نے خیبرپختونخوا کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لینے پر وفد کے اراکین کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ صوبائی حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون کی فراہمی یقینی بنائے گی ۔