News Details

27/10/2023

نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمداعظم خان نے کہا ہے کہ صوبے میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے انخلاءکے پروگرام کو حتمی شکل دے دی گئی ہے

نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمداعظم خان نے کہا ہے کہ صوبے میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے انخلاءکے پروگرام کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ، یکم نومبر تک ایسے غیر ملکی افراد رضاکارانہ طور پر واپس جاسکتے ہیں ، صوبائی حکومت ان کی ہر ممکن مددکرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب تک 60 ہزار کے قریب غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی طورخم بارڈر کے ذریعے اپنے ملک واپس جا چکے ہیں۔ جمعرات کے روز غیر قانونی طورپر مقیم غیرملکیوں کے انخلاءکے حوالے سے جاری اپنے ایک بیان میں محمد اعظم خان نے کہا ہے کہ صوبے میںغیر قانونی غیر ملکیوں کے خلاف یکم نومبر سے قانونی کاروائی کا آغاز کیا جائے گاجس کے تحت صوبے میں متعین مقامات سے ان کی واپسی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا ہے کہ ان مقامات پر انتظامیہ قانون و روایات کے مطابق عارضی قیام و طعام اور بزرگوں ، بچوں اور خواتین کا بھرپور خیال رکھے گی اور فی الوقت پشاور ، ہری پور اور لنڈی کوتل میں عارضی مقامات تیار کئے جارہے ہیں، ان عارضی مقامات پر ڈاکٹرزکی عارضی تعیناتی کے ساتھ ساتھ ادویات اور صحت کی دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ دیگر صوبوں سے آنے والے غیر ملکیوں کے لئے بھی پروگرام مرتب کیا گیا ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت پر امید ہے کہ غیر قانونی طورپرمقیم غیر ملکی افراد کی اپنے ملک واپسی خوش اسلوبی سے ہوگی ۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کے انخلاءکے عمل میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو نہ پناہ دی جائے اور نہ انہیں کاروبار میں شریک کیا جائے۔