News Details

28/10/2023

ستائیس اکتوبر یوم سیاہ( کشمیر )کی مناسبت سے جمعہ کے روز وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ تا گورنر ہاﺅس پشاور ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

27 اکتوبر یوم سیاہ( کشمیر )کی مناسبت سے جمعہ کے روز وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ تا گورنر ہاﺅس پشاور ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان اور گورنر حاجی غلام علی نے ریلی کی مشترکہ قیادت کی۔ نگران کابینہ اراکین ، سرکاری حکام ، سول سوسائٹی اراکین ،آزاد کشمیر سے کل جماعتی حریت کانفرنس کے عہدیدار اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ ریلی کے شرکاءنے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی ظلم و جبر کی شدید الفاظ میں مذمت اورمظلو م کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ شرکاءنے پلے کارڈز بھی اُٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی ظلم و ستم کے خلاف نعرے درج تھے ۔نگران وزیراعلیٰ محمد اعظم خان نے ریلی کے اختتام پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے پہلے بھی کشمیری عوام کا ساتھ دیا ہے اور آئندہ بھی دیتے رہیں گے ، ہم آزادی کی جدوجہد میں اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے ۔ اُنہوںنے کہاکہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی فوج نے کشمیر پر حملہ کرکے وہاں کے مسلمانوں پر ظلم و ستم کا آغاز کیا تھا اور ظلم کا یہ سلسلہ آج تک تھم نہ سکا ۔ اُنہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر کشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے جس کو منانے کا مقصد کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کی مذمت اور کشمیریوںکی حمایت کا عزم دہرانا ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ چند سال قبل بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے کشمیریوں پرجبر کے ایک نئے باب کا آغاز کیا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ بھارت کا یہ اقدام بین الاقوامی قوانین اور بنیادی انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے جس کا عالمی برادری ، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں نوٹس لیںاور مسئلہ کشمیر کو پرامن طور پر حل کرنے میں اپنا موثر کردار ادا کریں۔محمد اعظم خان نے واضح کیا کہ خطے میں پائیدار امن کا قیام مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر ممکن نہیں ، کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیئے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ آج کے دن ہم آزادی کی اس جدوجہد میں کشمیری عوام کی قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔