News Details

17/11/2023

نگران وزیر اعلیٰ سید ارشد حسین شاہ کا دورہ صوابی/ عوامی خدمات کے مختلف مراکز کا معائنہ

نگران وزیر اعلیٰ سید ارشد حسین شاہ کا دورہ صوابی/ عوامی خدمات کے مختلف مراکز کا معائنہ ناقص کارکردگی پر سرکاری سکول کا ہیڈماسٹر عہدے سے فارغ، ایک پٹواری معطل نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے جمعہ کے روز ضلع صوابی کا اچانک دورہ کیا جس کے دوران انہوں نے باچا خان میڈیکل کمپلیکس سمیت سماجی خدمات کے مختلف اداروں/مراکز میں سہولیات و خدمات کی فراہمی کے عمل کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے باچا خان میڈیکل کمپلیکس میں او پی ڈی، ایمر جنسی، آئی سی یو، میڈیکل وارڈز اور لیبارٹری کا تفصیلی دورہ کیا جبکہ مختلف وارڈز میں مریضوں سے بھی ملاقات کی اور ان سے علاج معالجے کی سہولیات بارے دریافت کیا۔وزیر اعلیٰ کو اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ کی طرف سے ہسپتال میں ہونے والے ترقیاتی کاموں پر بریفنگ بھی دی گئی۔وزیر اعلیٰ نے ہسپتال میں عوام کو صحت سہولیات کی فراہمی کے مجموعی عمل کو سراہا اور کہا کہ عوام کوصحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مریضوں کو ادویات اور دیگر سہولیات کی فراہمی شفاف انداز میں یقینی بنائی جائے۔بعد ازاں وزیر اعلیٰ نے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول کنڈا کا بھی دورہ کیا اور سکول میں جاری تعمیراتی اور مرمتی کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سکول کے ہیڈ ماسٹر کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے اور غفلت برتنے والے ملازمین کے خلاف کارروائی کرنے کے احکامات جاری کیے۔ اسی طرح وزیر اعلیٰ نے شاہ منصور پٹوار خانے کے اچانک دورہ کے دوران ریکارڈ مکمل نہ ہونے کی وجہ سے پٹواری اور دیگر عملے کی ناقص کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پٹواری کو معطل کرنے اور متعلقہ حکام کو تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پٹوار خانوں میں تعینات عملہ پیشہ ورانہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا ریکارڈ مکمل رکھیں اور عوام کو شفاف اور احسن انداز میں خدمات کی فراہمی یقینی بنائے،اس سلسلے میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ سید ارشد حسین شاہ نے صوابی پولیس سٹیشن کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے خدمات کی فراہمی کے عمل کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ کو اس موقع پر پولیس سٹیشن کے سیکیورٹی انتظامات اور دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ <><><><><><><>