News Details

22/11/2023

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس( ر) سید ارشد حسین شاہ کا لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاوراور علاقہ فقیر آباد کا اچانک دورہ

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس( ر) سید ارشد حسین شاہ نے منگل کے روز لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاوراور علاقہ فقیر آباد کا اچانک دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے ایل آر ایچ کے دورہ کے دوران ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کی عیادت اورتیمارداروں سے ملاقات کی اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ نگران صوبائی وزراءانجنیئر احمد جان، انجنیئر عامر ندیم درانی ، چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری، کمشنر پشاور محمد زبیر ، سی سی پی او پشاورسید اشفا ق انوربھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ وزیراعلیٰ ایل آر ایچ کے جنرل اوپی ڈی ، سرجیکل اور میڈیکل یونٹس گئے جہاں انہوں نے زیر علاج مریضوں کے تیمارداروں کی شکایات سنیں اور ان کے فوری ازالے کے لئے ہسپتال انتظامیہ کو احکامات جاری کئے۔ نگران وزیراعلیٰ نے ہسپتال انتظامیہ کو مریضوں کو بلاتعطل ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کے علاج معالجے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ نے صوبائی دارالحکومت پشاور کے علاقہ فقیر آباد کے دورہ کے دوران نہر کی ناقص صفائی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف انکوائری کا حکم دیا ۔وزیراعلیٰ نے دورے کے فوری بعدہنگامی اجلاس منعقد کیا جس میں انہوں نے نہروں کی دیکھ بھال اور صفائی صورتحا ل پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ صوبائی وزیراور انتظامی سیکرٹری کو نہروں کی دیکھ بھال اور مرمت کے کاموں کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ تمام وزراءاورانتظامی سیکرٹریز اپنے اپنے محکموں سے متعلق امور کی نگرانی کے لئے باقاعدگی سے فیلڈ وزٹ کریں ۔ نگران وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ صوبائی محکموں کے معاملات میں بد انتظامی اور غفلت کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا، وہ خود باقاعدگی سے وزٹ کرکے معاملات کا جائزہ لیں گے، اس سے پہلے سیکرٹریز فیلڈ میں جاکر اپنے متعلقہ محکموں کے معاملات ٹھیک کر لےں اگر وزٹ کے دوران کوئی غلطی یا کوتاہی سامنے آئی تو متعلقہ محکمے کا سیکرٹری ذمہ دار ہوگا۔ انہوں نے محکمہ آبپاشی کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ نہروں کی مرمت کے کاموں کی کڑی نگرانی کی جائے اور مرمت کے کاموں کا تصویری ریکارڈ مرتب کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ نہروں کی مرمت کے کاموں میں معیار کوہر لحاظ سے یقینی بنایا جائے اور تعمیراتی کام کی معیاد کا تعین کیا جائے۔ وزیراعلیٰ ارشد حسین شاہ نے کہا کہ سرکاری اہلکاروں کی بدعنوانی اور نا اہلی کسی صورت برداشت نہیں ، محکمہ آبپاشی کے دفاتر میں بھی کیمرے نصب کئے جائیں اور محکمہ کے جملہ امور کو ڈیجیٹائز کرنے پر ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ آبپاشی کو یہ بھی ہدایت کی کہ صوبہ بھر کی نہروں کی بھل صفائی کے لئے جامع پلان پیش کیا جائے جبکہ بھل صفائی مہم کے دوران کچرے کو بروقت اورموزوںجگہ پر ٹھکانے لگانے کا مو ¿ثر انتظام کیا جائے۔ <><><><><><><>