News Details

23/11/2023

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹارئرڈسید ارشد حسین شاہ کا صوبے کو بجلی کی پیداوار میں خود کفیل بنانے کے سلسلے میں پن بجلی کے جاری منصوبوں کی تکمیل کی بدایت

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹارئرڈسید ارشد حسین شاہ نے صوبے کو بجلی کی پیداوار میں خود کفیل بنانے کے سلسلے میں پن بجلی کے جاری منصوبوں کی تکمیل اور نئے منصوبے شروع کرنے کے لئے انرجی اینڈ پاور کے حکام کو حکمت عملی تشکیل دے کر اس پر دن رات کام کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ بجلی پیدا کی جاسکے۔وزیر اعلی نے متعلقہ حکام کو نو قائم شدہ خیبر پختونخوا گرڈاینڈ ٹرانسمشن کمپنی کو فعال بنانے کے لئے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کی تعیناتی بلا تاخیر عمل میں لانے کی بھی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کویہ بھی ہدایت کی ہے کہ محکمہ توانائی و برقیات کے پہلے سے تیار شدہ پلانز پر ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے اور اگلے چندمہینوں میں بجلی کی پیداوار کو بڑھانے کے لئے نمایاں پیشرفت یقینی بنائی جائے۔ وہ گزشتہ روز پختونخوا انرجی ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن کے پالیسی بورڈ کے 14 ویں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ نگراں صوبائی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر نجیب اللہ اور نگراں وزیر اعلی کے مشیر برائے انرجی اینڈ پاور سید سرفراز علی شاہ ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سید امتیازحسین شاہ، سیکرٹری انرجی اینڈ پاورنثاراحمد اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر پیڈوانجنیئر نعیم خان کے علاوہ بورڈ کے دیگر ممبران بھی اجلاس میں شریک تھے۔اجلاس کے شرکاءسے اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ قدرت نے اس صوبے کو بیش بہا قدرتی وسائل خصوصاً آبی وسائل سے نوازا ہے جن سے بھر پور استفادہ کرکے صوبے کو بجلی کی پیداوار میں خود کفیل بنانے کے لئے ایک جامع حکمت عملی کے تحت دن رات کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہم نہ صرف اپنے لوگوں کو سستی اور ماحول دوست بجلی فراہم کر سکیں بلکہ اضافی بجلی سستے نرخوں پر مقامی صنعتوں کو مہیا کرکے یہاں پر لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کر سکیں۔ نگران حکومت عوامی مفاد کے جاری منصوبوں کو بلا تاخیر مکمل کرنے کیلئے پر عزم ہے اور اس مقصد کیلئے دن رات نیک نیتی کے ساتھ کام کیا جائے گا ۔ اجلا س کو پیڈو کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر اور ایگزیکٹیو کمیٹی ممبران کے لئے تیار کردہ سروس ریگولیشنز 2023 پر بریفنگ دی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ مشیر برائے انرجی اینڈ پاور کی سربراہی میں ایک کمیٹی ان سروس ریگولیشنز کا باریک بینی سے جائزہ لے کر دو ہفتوں کے اندر حتمی منظوری کے لئے پیش کرے گی۔ اجلاس میں متعلقہ حکام کو پیڈو کے لئے فنانشل رولز بھی جلد تیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس کو پیڈو کے تحت پیدا کی جانے والی بجلی کو مقامی صنعتوں کو فراہم کرنے کے لئے وہیلنگ ماڈل کے مختلف پہلوو ¿ں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وہیلنگ ماڈل کے تحت مزید مقامی صنعتوں کو بجلی کی فراہمی کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس عمل کو تیز کرنے اور اس کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں بجلی سے متعلق صوبائی حکومت کے مختلف وفاقی اداروں سے جڑے مسائل اور معاملات طے کرنے سے متعلق امور پر بھی تفصیلی گفتگو ہو ئی۔ اجلاس کو پیڈو کے تحت بجلی کے جاری اور مکمل شدہ منصوبوں سے متعلق بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔