News Details

08/12/2023

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ کی چینی ثقافتی مرکز "چائنہ ونڈو پشاور" کے دورے کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ نے کہا ہے کہ نگران حکومت کا بنیادی کام انتخابات کا صاف و شفاف انعقاد ہے، نگران صوبائی حکومت انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں الیکشن کمیشن اور عدالت کے احکامات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنائے گی۔صوبے میں امن و امان کوبحال رکھنا حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے، سکیورٹی فورسز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اس سلسلے میں مربوط اور موثر اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز چینی ثقافتی مرکز "چائنہ ونڈو پشاور" کے دورے کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے میں جاری سی پیک منصوبوں کی سکیورٹی کے لئے سنجیدہ اقدامات کئے جارہے ہیں جبکہ اس مقصد کے لئے اسپیشل سکیورٹی یونٹ قائم کیا گیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کے پرامن انعقاد کے لئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے جائیں گے اور صوبے کی سکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائیگی۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ صوبے کو درپیش مالی مسائل کے حل کے لئے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں، نگران وزیر اعظم خیبر پختونخوا کے ساتھ خصوصی ہمدردی رکھتے ہیں اور تعاون بھی کر رہے ہیں۔اس وقت پورا ملک معاشی بحران کا شکار ہے لیکن مشترکہ کوششوں سے ملک کو اس بحران سے نکالیں گے۔ ارشد حسین شاہ کا کہنا تھا کہ بہت جلد خوشحال خیبرپختونخوا پروگرام کا اجراءکرنے جارہے ہیں جبکہ امن و امان کا قیام اس پروگرام کے اہم اجزاءمیں شامل ہے۔ نگران حکومت امن وامان کی صورتحال کو بہتر کرکے یہاں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کو راغب کرنے کی جدوجہد کر رہی ہے۔خوشحال پختونخوا پروگرام کے تحت نوجوانوں کو مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق ہنر سکھائے جائیں جبکہ اس مقصد کے لئے نوجوانوں کو شارٹ کورسز کروائے جائیں گے۔اس پروگرام کے تحت سالانہ پانچ لاکھ ہنرمند نوجوانوں کو بیرون ملک بھیجا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ خوشحال پختونخوا پروگرام کے تحت بہتر طرز حکمرانی کو یقینی بنانے کے لئے تمام شعبوں میں اقدامات اٹھائے جائیں گے، نگران دور کی مختصر مدت میں اچھی شروعات لیں گے اور آنے والی حکومت کو ایک اچھا روڈ میپ دیں گے۔ پاک چین تعلقات بارے ارشد حسین شاہ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں،پاکستان اور چین کی دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔پشاور میں چائنہ ونڈو کا قیام پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ایک بہترین کاوش ہے۔ اس سلسلے میں چائنہ ونڈو کے منتظمین کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ قبل ازیں، چائنہ ونڈو کے منتظم امجد عزیز ملک نے وزیر اعلیٰ کو چائنہ ونڈو کی مختلف گیلریز کا دورہ کروایا اور ان کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔ نگران کابینہ اراکین بیرسٹر فیروز جمال شاہ کا کاخیل ، ڈاکٹر عامر عبداللہ اور ڈاکٹر نجیب اور دیگر حکام بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ <><><><><><><><>