News Details

10/12/2023

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس (ر)سید ارشد حسین شاہ نے ضم اضلاع کے عوام کو درپیش مسائل کے ازالے کو اپنی حکومت کی اولین ترجیح قراردیا

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس (ر)سید ارشد حسین شاہ نے ضم اضلاع کے عوام کو درپیش مسائل کے ازالے کو اپنی حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت مالی مشکلات کے باوجود ضم اضلاع کی ترقی کے لیے پر عزم ہے اور ضم اضلاع میں جاری ترقیاتی و فلاحی کاموں کو بروقت مکمل کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، قبائلی عوام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بری طرح متاثر ہوئے، ان کی محرومیوں کا ازالہ حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سرکاری محکموں اور اداروں میں خدمات کی فراہمی کے عمل کی مانیٹرنگ اور عوامی شکایات کے ازالے کے لیے وزیر اعلیٰ ہاوس میں جلد شکایات سیل قائم کرنے جا رہے ہیں،عوام سرکاری اداروں سے متعلق اپنی شکایات براہ راست ہم تک پہنچا سکیں گے، شکایات کے ازالے کے لیے فوری کاروائی کی جائے گی اور سرکاری ڈیوٹی سے غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کروائی عمل میں لائی جائےگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری امور کی انجام دہی خصوصا عوام کو خدمات کی فراہمی کے عمل میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز پشاور میں وانا ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر انتظام طلبہ میں سکالرشپ اور انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ نے وانا ویلفیئر ایسوسی ایشن کی ضم اضلاع میں جاری فلاحی سرگرمیوں خصوصا تعلیم کے فروغ کے لیے ایسوسی ایشن کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلا شبہ انسانیت کی فلاح و خدمت اللہ تعالیٰ کے نزدیک نہایت پسندیدہ عمل ہے، وانا ویلفیئر ایسوسی ایشن نے اپنے بل بوتے پر جس انداز میں انسانیت کی فلاح و خدمت کا بیڑہ اٹھایا یہ واقعی تعریف کے قابل ہے، یہ ایک کار خیر ہے اور جس قوم میں انسانیت سے محبت اور ان کی خدمت کا اس طرح جذبہ موجود ہو وہ کبھی پیچھے نہیں رہتی بلکہ اس کے نیک کاموں میں اللہ کی طرف سے خیر و برکت شامل ہو جاتی ہے جو نسلوں تک منتقل ہوتی ہے۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت بھی ضم اضلاع کے عوام کی فلاح کے سلسلے میں نا صرف پرعزم ہے بلکہ اس مقصد کے لیے عملی طور پر کوشاں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت بہت جلد خوشحال خیبرپختونخوا پروگرام کا اجراءکرنے جا رہی ہے جس کے تحت ضم اضلاع پر خصوصی توجہ دی جائے گی، حکومت کی ہیومین ریسورس ایکسپورٹ اسٹریٹجی کے تحت جدید مارکیٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق نوجوانوں کو آئی ٹی بیسڈ کورسز کروائے جائیں گے تاکہ وہ بیرون ملک روزگار کے مواقع حاصل کر سکیں۔ اس اسکیم کے تحت بھی ضم اضلاع کے نوجوانوں کو پہلی ترجیح دی جائے گی۔ ہمارا حتمی مقصدنوجوانوں کو تربیت دے کر انہیں مالی لحاظ سے بااختیار بنانا اور معاشرے کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کرنے کے قابل بنانا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر وانا میں زیر زمین پانی کی سطح نیچے جانے کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے قابل عمل اقدامات اٹھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے بذات خود وانا کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے متعلقہ سرکاری حکام کو ہدایت کی کہ وانا میں پانی کا مسئلہ حل کرنے کے لئے فوری طور پر سروے شروع کریں تاکہ عملی اقدامات کا آغاز کیا جا سکے۔ انہوں نے اس موقع پر قبائلی عوام اور سماجی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے میں بھی اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے بعض عناصر پولیو کو حکومت کے خلاف بطور آلہ استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو درست نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیو تدارک کے لئے اقدامات ہماری مجبوری نہیں بلکہ ذمہ داری ہے ، ہم نہیں چاہتے کہ کسی کی بھی غفلت یا کوتاہی کی وجہ سے ہمارا کوئی بچہ اپاہج زندگی گزارنے پر مجبور ہوجائے۔ مقامی علماءکرائے ، ملک صاحبان، سماجی تنظیموں سمیت معاشرے کے تمام موثر طبقات پولیو کے خاتمے کو ایک مشن کے طور پر لیں اور اس مقصد کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ وزیراعلیٰ نے وانا ویلفیئر ایسو سی ایشن کے لئے پچاس لاکھ روپے کا اعلان کیا اور امید ظاہر کی کہ ایسوسی ایشن مزید بہتر انداز میں عوامی فلاح و خدمت کی سرگرمیاں جاری رکھے گی۔ قبل ازیں انہوں نے ایسوسی ایشن کے تعاون سے ملک کے مختلف تعلیمی اداروںمیں اپنی تعلیم کامیابی سے مکمل کرنے اور سالانہ نتائج میں نمایا ں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کئے۔ انہوں نے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ مزید محنت کریں گے اور ملک و قوم کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری ، سیکرٹری تعلیم معتصم بااللہ شاہ اور وانا ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر رحمت اللہ وزیر نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ اس موقع پر وانا ویلفیئر ایسو سی ایشن کے قیام کے پس منظر ، تنظیم کے مشن ، فلاحی خدمات کے مختلف پہلووں اور اب تک حاصل کی گئی کامیابیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ <><><><><><>