News Details

17/12/2023

نگران وزیر اعلی ارشد حسین شاہ کا ایبٹ آباد اور ہری پور کا دورہ

نگران وزیر اعلی کا دورہ ایبٹ آباد، کامسیٹس یونیورسٹی کیمپس میں سنٹر آف ایکسیلینس فار کوانٹم کمپیوٹنگ کا افتتاح، صوبے میں کوانٹم کمپیوٹنگ پراجیکٹ کے لیے دو ارب گرانٹ کا اعلان، ایوب میڈیکل کالج اور خیبر میڈیکل کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا اعلان، ضم شدہ ضلع باجوڑ میں کالج آف نرسنگ کالج شروع کرنے کا اعلان، صوبے میں نرسنگ کے شعبے کی ترقی کے لئے الگ سے نرسنگ ڈائریکٹوریٹ کے قیام کا اعلان، ایبٹ آباد تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کی کمرشل عمارت کا افتتاح نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس( ر) سید ارشد حسین شاہ نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک انقلابی اقدام کے طور پر کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد کیمپس میں سنٹر آف ایکسیلینس فار کوانٹم کمپیوٹنگ کا باضابطہ افتتاح کردیا ہے۔ ملک میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد سنٹر ہے جہاں نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق کوانٹم کمپیوٹنگ کی جدید تعلیم وتربیت فراہم کی جائے گی۔ اتوار کے روز کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد کے دورے کے موقع پر سنٹر آف ایکسیلینس فار کوانٹم کمپیوٹنگ کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر اعلی نے صوبے میں کوانٹم کمپیوٹنگ پراجیکٹ کے لیے دو ارب روپے گرانٹ جبکہ ضلع ایبٹ آباد اور ہری پور کو کوانٹم ویلی بنانے کا باضابطہ اعلان کیا۔ اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کا مرکز بنانے کے لیے پر عزم ہیں، نوجوان ہی ملک کا اصل سرمایہ ہیں اور انہیں جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے اور اس مقصد کے لئے ہم خوشحال پختونخوا پروگرام کا اجرا کر رہے ہیں جس کا اہم جز نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے میں جدید تربیت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت سالانہ پانچ لاکھ نوجوانوں کو سافٹ سکلز سکھا کر روزگار کے لیے بیرونی ممالک بھیجا جائے گا۔ وزیر اعلی نے کہا کہ صوبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں جنوری میں انوسٹمنٹ کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔ نوجوانوں کو جدید تعلیم وتربیت فراہم کرنے میں کامسیٹس یونیورسٹی کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے وزیر اعلی نے دیگر اضلاع میں بھی اس کے کیمپسز کھولنے کے لیے صوبائی حکومت کے بھر تعاون کا یقین دلایا۔ وزیر اعلی نے اس موقع پر پرائم منسٹر لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت کامسیٹس یونیورسٹی کے طلبہ میں لیپ ٹاپ بھی تقسیم کیے۔ تقریب سے نگران صوبائی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر نجیب اللہ، کامسیٹس یونیورسٹی کے ڈائریکٹر پروفیسر معروف شاہ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور سنٹر آف ایکسیلینس فار کوانٹم کمپیوٹنگ کے افتتاح کو وزیر اعلی کا ایک انقلابی اقدام قرار دیا۔ قبل ازیں ایبٹ آباد کے عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی نے ایوب میڈیکل کالج اور خیبر میڈیکل کالج کو میڈیکل یونیورسٹی کا درجہ دینے کے علاوہ نرسنگ کے شعبے کو ترقی دینے کے لیے الگ سے نرسنگ ڈائریکٹوریٹ قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ نے ہری پور، مانسہرہ اور تیمر گرہ کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کے لیے ایف سی پی ایس ٹریننگ پروگرام شروع کرنے جبکہ ضم شدہ ضلع باجوڑ میں بھی کالج آف نرسنگ جلد شروع کرنے کا اعلان کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ وہ ایبٹ آباد شہر کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور ان مسائل کو فوری حل کرنے کے لئے کمشنر ہزارہ کو ایک ٹاسک فورس بنا کر اقدامات اٹھائے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد سمیت صوبہ بھر میں لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کا عمل جاری ہے، ڈیجیٹائزیشن سے لوگوں کے جائیدادوں سے جڑے مسائل خودبخود حل ہو جائیں گے جبکہ زمینوں کے خانہ کاشت اور خانہ ملکیت سے جڑے مسائل کے حل کے لیے بھی اقدامات کر رہے ہیں۔ وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ خوشحال پختونخوا پروگرام لانچ کر رہے ہیں جس کے تحت عوامی فلاح کے متعدد اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو کریش کورسز کروانے کے لئے بہت جلد داخلوں کا اعلان کیا جائے گا اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کو جدید طرز پر ترقی دینے کے لئے ایبٹ آباد اور ہری پور کو کوانٹم ویلی بنایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد کو آذربائجان کے کسی ایک شہر کا سسٹر سٹی کا درجہ دینے کا معاملہ وفاقی حکومت کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خوشحال پروگرام کے تحت امن و امان کی بحالی اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں صوبے کے وسائل کو موثر انداز میں استعمال میں لانے اور لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے ایک جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں کمپلینٹ سیل اور مانیٹرنگ سیل قائم کر دیے گئے ہیں جن کے ذریعے شہری اپنی شکایات اور مسائل وزیر اعلیٰ تک پہنچا سکیں گے جبکہ میں بذات خود ریڈیو پروگرام کے ذریعے عوام کے مسائل و شکایات سننے کا سلسلہ جلد شروع کروں گا جس سے عوام کے مسائل فوری طور پر حل ہونگے۔ ایبٹ آباد دورے کے دوران وزیر اعلی نے تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کی کمرشل عمارت جناح پلازے کا بھی افتتاح کیا۔ یہ منصوبہ 66 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے جو ٹی ایم اے ایبٹ آباد کو مالی طور خود کفیل بنانے گا۔ <><><><><><>