News Details

18/12/2023

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ کی زیر صدارت ٹاسک فورس برائے ٹیکنکل ایجوکیشن اینڈ سکلز ڈویلپمنٹ کا اجلاس

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ کی زیر صدارت ٹاسک فورس برائے ٹیکنکل ایجوکیشن اینڈ سکلز ڈویلپمنٹ کا اجلاس پیر کے روز وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں منعقد ہوا جس میں صوبائی حکومت کی ہیومین ریسورس ایکسپورٹ اسٹرٹیٹجی پر عمل درآمد کیلئے لائحہ عمل کی تیاری سے متعلق اُمور پر غور و خوص کے بعد اہم فیصلے کئے گئے ۔ اجلاس میں نوجوانوں کو بین الاقوامی مارکیٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ جدید تربیت فراہم کرنے کا عمل ہنگامی بنیادوں پر شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اجلاس میں خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تحت سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام اگلے ہفتے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو اس منصوبے کیلئے فوری طور پر درکار فنڈز فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔نگراں کابینہ اراکین ڈاکٹر قاسم جان، ڈاکٹر عامر عبد اﷲ،ڈاکٹر سید سرفراز علی شاہ ، ڈاکٹر نجیب اﷲکے علاوہ چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری اور ٹاسک فورس کے دیگر اراکین اجلاس میں شریک ہوئے ۔ اجلاس میں ٹاسک فور س کے گزشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ وزیراعلیٰ ارشد حسین شاہ نے صوبے میں نرسنگ کے شعبے کو فروغ دینے اور اس پیشے کو مزید نکھارنے کیلئے متعلقہ حکام کوصوبے کے نرسنگ کالجوں میں نشستوں کی تعداد بڑھانے کیلئے اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ کم ازکم 50 ہزار سالانہ نرسنگ گریجویٹس کا ہدف مقرر کیا جائے۔ اُنہوںنے مزید ہدایت کی کہ نرسنگ کے شعبے میں معیاری ٹریننگ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ گریجویٹس کو روزگار کیلئے بیرون ممالک بھی بھیجا جا سکے ۔ ارشد حسین شاہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صوبے میں بیروزگاری سب سے بڑا مسئلہ ہے تاہم نوجوانوں کو ڈیجیٹل ٹریننگ دے کر باروزگار بنایا جائے گا۔ نوجوانوں کو ڈیجیٹل ٹریننگ اور سافٹ سکلز سکھا کر سالانہ پانچ لاکھ افراد کو بیرونی ممالک روزگار کیلئے بھیجا جائے گا جبکہ اس پروگرام کے تحت ضم اضلاع کے نوجوانوں کو خصوصی ترجیح دی جائے گی ۔ وزیراعلیٰ نے ٹاسک فورس اراکین کو کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ پیشرفت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ نگران حکومت کے پاس وقت مختصر ہے اور کام زیادہ ہے لیکن اگر جذبہ اورنیت نیک ہوں تو کم وقت میں بھی زیادہ کام کیا جا سکتا ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ یہ لوگوں کی بھلائی کاکام ہے ، سب کو اس کار خیر میں اپنا حصہ ڈالنا ہو گا۔وزیراعلیٰ نے مزید کہاکہ ٹیکنکل ایجوکیشن اینڈ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر ٹاسک فورس کا اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ اجلاس میں ووکیشنل اینڈ ٹیکنکل ایجوکیشن کے موجودہ نظام کو تبدیل کرکے اسے دورجدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ اس مقصد کیلئے صوبائی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و صنعت کی مشترکہ سربراہی میں ٹاسک فور س تشکیل دی جائے گی۔ <><><><><><><><>