News Details

21/12/2023

نگران وزیر اعلی خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ کی زیر صدارت ٹاسک فورس برائے ٹیکنکل ایجوکیشن اینڈ سکلز ڈویلپمنٹ کا اجلاس

نگران وزیر اعلی خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ کی زیر صدارت ٹاسک فورس برائے ٹیکنکل ایجوکیشن اینڈ سکلز ڈویلپمنٹ کا اجلاس گذشتہ روز وزیراعلی ہاوس پشاور میں منعقد ہوا جس میں گزشتہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ نگراں کابینہ اراکین ڈاکٹر قاسم جان، ڈاکٹر عامر عبد اللہ،ڈاکٹر سید سرفراز علی شاہ ، ڈاکٹر نجیب اللہ کے علاوہ چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری، مختلف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز اور ٹاسک فورس کے دیگر اراکین اجلاس میں شریک ہوئے ۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کابینہ نے خصوصی اجلاس میں نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کے لئے کلاسز شروع کرنے کے لیے مختلف صوبائی محکموں کو اپنی عمارتیں فارغ اوقات میں " خوشحال خیبرپختونخوا پروگرام" کے لئے مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس کے شرکا کو آگاہ کیا گیا کہ صوبہ بھر سے 5 لاکھ نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی، پیرا میڈیکس وغیرہ کے شعبوں میں مختلف نوعیت کی تربیت دی جائے گی تاکہ وہ ملک اور بیرون ملک روزگار اور ملازمتیں شروع کرسکیں۔ اجلاس کو خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تحت سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے بارے میں بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت 84 ہزار سے زائد نوجوانوں کو مختلف نوعیت کے شارٹ کورسز کروائے جائیں گے ۔وزیراعلی نے ٹاسک فورس اراکین کو کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ پیشرفت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ نگران حکومت کے پاس وقت مختصر ہے اور کام زیادہ ہے لیکن اگر جذبہ اورنیت نیک ہوں تو کم وقت میں بھی زیادہ کام کیا جا سکتا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ یہ لوگوں کی بھلائی کاکام ہے ، سب کو اس کار خیر میں اپنا حصہ ڈالنا ہو گا۔وزیراعلی نے مزید کہاکہ ٹیکنکل ایجوکیشن اینڈ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر ٹاسک فورس کا اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ َِِ<><><><><><><>