News Details

22/12/2023

نگران وزیر اعلی خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ کی زیر صدارت خوشحال خیبرپختونخوا پروگرام سے متعلق جائزہ اجلاس

نگران وزیر اعلی خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ کی زیر صدارت خوشحال خیبرپختونخوا پروگرام سے متعلق جائزہ اجلاس جمعہ کے روز وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں منعقد ہوا۔ متعلقہ صوبائی وزرائ، چیف سیکرٹری اور متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ ڈویژنل کمشنر اور ڈپٹی کمشنر ز بھی بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میںشریک تھے۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ کو پروگرام کے تحت مختلف اقدامات پر اب تک کی پیشرفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ پروگرام کے تحت اُٹھائے گئے اقدامات کے نتیجے میں نچلی سطح پر گورننس میں نمایاں بہتری آئی ہے۔صوبے میں لینڈ ریکارڈاور اس سے متعلق اُمور کی ڈیجٹیائزیشن کی رفتار تیز کر دی گئی ہے، گزشتہ چند ہفتوں کے دوران مینوئل موضع جات کی تعداد 813 سے کم ہوکر 386 پر آگئی ہے۔اسی طرح آگاہ کیا گیا کہ اسلحہ لائسنس کا سارا نظام آن لائن کردیا گیا ہے جبکہ جیلوں میں قیدیوں سے اہل خا نہ کی ملاقات کے لئے ورچوئل سسٹم کا اجراءبھی کیاگیا ہے۔ مزید بتایا گیا کہ نوشہرہ میں ای ڈومیسائل سسٹم کا آغاز کردیا گیا ہے اور صوبے کے باقی ماندہ تمام اضلاع میں بھی 31 جنوری تک ای ڈومیسائل کا اجراءکردیا جائے گا۔نگران وزیراعلیٰ نے خوشحال خیبرپختونخوا پروگرام عوام کی ضرورت اور اہمیت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ عوام کی بھلائی کا پروگرام ہے جسے ہم سب نے مل کر کامیاب بنانا ہے۔اُنہوںنے کہاکہ پروگرام کے تحت امن و امان اور گورننس کو بہتر بنانے کے علاوہ تجاوزات، منشیات، ملاوٹ، کرپشن اور دیگر سماجی برائیوں کے خلاف اقدامات اٹھائے جائیں گے۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ریونیو سے متعلق عوام کو بہت زیادہ مسائل درپیش ہیں جن کو حل کرنے کیلئے خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے ۔ اُنہوںنے اس سلسلے میں ریونیو افسران کو ریونیو کیسز بروقت نمٹانے کی ہدایت کی اور کہاکہ افسران یہ کام ماتحت عملے پر ہرگز نہ چھوڑیں،فرائض سے غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اُنہوںنے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ ریونیو افسران اور دیگر ماتحت عملے کی نگرانی کریں، غلط کاموں میں ملوث اہلکار معاشرے کے دشمن ہیںلہٰذا ذمہ داران افسران بدعنوانی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کاروائی کریں، حکومت اُن کو بھر پور سپورٹ فراہم کرے گی ۔اُنہوںنے مزید ہدایت کی کہ افسران خود فیلڈ میں جاکر معاملات کی نگرانی کریں۔ سید ارشد حسین شاہ نے تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کے رجحان کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہاکہ منشیات کے استعمال سے ہماری نسلیں تباہ ہو رہی ہیں۔ اُنہوںنے ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کے تدارک کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ <><><><><><>